ممبئی کے اسکائی واک کے مسائل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-22

ممبئی کے اسکائی واک کے مسائل

شہر میں اسکائی واک کی تعمیر پر 700کروڑ روپئے خرچ کرنے کے بعد ایم ایم آر ڈی اے کو اس رقم کے رائیگاں جانے کا اس وقت احساس ہوا جب ان کی دیکھ ریکھ اس کیلئے مشکل کام ثابت ہونے لگی۔ اسے اسکائی واک کیلئے سالانہ 2.5کروڑ روپئے خرچ کرنا پڑرہے ہیں۔ اس لئے مذکورہ پلاننگ اتھاریٹی نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس نے شہر کے اسکائی واک کو شہری انتظامیہ حوالے کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور کہاکہ ان کی دیکھ ریکھ اسے کرنا چاہئے اور اسے اسکائی واک پر اشتہارات کے حقوق بھی حاصل ہوں گے جس سے اسے آمدنی ہوگی مگر اس تجویز کی بی ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے مخالفت کی ہے۔ 19؍دسمبر کو میونسپل کمشنر کو لکھے گئے خط میں میٹرو پولٹین کمشنر راہل استھانا نے کہا تھا کہ میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی( ایم سی جی ایم) کی حدود میں واقع اسکائی کو ایم ایم آر ڈی اے شہری انتظامیہ کے حوالے کرنا چاہتا ہے۔ اس میں اشتہارات کو لیز پر دینے کے حقوق بھی شمال ہیں۔ بی ایم سی سے درخواست۔ اس خط میں کہا گیا تھا کہ اسٹیشن ایریا ٹریفک امپرومنٹ اسکیم( ایس اے ٹی آئی ایس) کے تحت میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی( ایم سی جی ایم) کی حدود میں واقع چند ریلوئے اسٹیشنوں کے باہر مختلف اسکائی واک تعمیر کئے گئے ہیں۔ یہ اسکائی واک ریلوئے اسٹیشن سے راہ گیروں کو آمدو رفت میں کافی آسانی ہورہی ہے اور یہ ان کیلئے محفوظ بھی ہیں۔ خط میں مزید لکھا گیا تھا کہ ان اسکائی واک پر اشہتارات کا حق دے کر ان کی دیکھ ریکھ پر ہونے والے اخراجات اور تعمیر کی بھر پائی کی جاسکتی ہے۔ باندرہ مشرق اور مغرب کے اسکائی واک پہلے ہی اشتہارات کیلئے الاٹ کئے جاچکے ہیں۔ بقیہ اسکائی واک کیلئے ٹینڈرس کی پیشکش کی گئی ہے اور لیز پر اشتہارات کے الاٹمنٹ کے حقوق کی تجویز پر علمدرآمد ہورہا ہے۔ ایم ایس آر ڈی سی کے ذرائع کے مطابق فی الحال اک اسکائی واک کے مینٹینس پر ایم ایم آر ڈی اے کے ہرماہ 50ہزار روپئے خرچ ہوتے ہیں۔ اس طرح ایم ایم آر ڈی اے بی ایم سی کی حدود میں واقع 23اسکائی واک پر سالانہ 2.5کروڑ روپئے خرچ کرتا ہے۔ اسکائی واک پر اشتہارات کو خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہیں ہورہی ہے اس لئے یہ بہتر ہے کہ ان اسکائی واک کو ایم سی جی ایم (یعنی بی ایم سی) کے حوالے کردیاجائے۔ یاد رہے کہ پہلے ایم ایم آر ڈی اے ممبئی میٹرو پولٹین ریجن (ایم ایم آر) میں 56 اسکائی واک تعمیر کرنے والا تھا۔ تاہم اسکائی واک کے تئیں راہ گیروں اور ایڈورٹائزرس کی سردمہری کے پیش نظر اس نے بقیہ اسکائی واک کی تعمیر کا ارادہ ترک کردیا اور ممبئی میٹرو پولٹین ریجن میں صرف 39 اسکائی واک تعمیر کئے۔ جب اس پروجیکٹ کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اس وقت ایم ایم آر ڈی اے نے کہا تھا کہ اسکائی واک پر اشتہارات کے حقوق فروخت کرنے سے اسے کافی اچھی آمدنی ہوگی لیکن اب یہ منصوبہ آمدنی کے حصول میں ناکام ثابت ہورہا ہے۔ اس لئے ایم ایم آر ڈی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ ان اسکائی واک کو بی ایم سی کے سپرد کردیا جائے۔ تاہم یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس پر بی ایم سی راضی ہوتی ہے یا نہیں۔

Mumbai Metropolitan Region Development Authority (MMRDA) skywalk projects

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں