کوئمبتور میں کولکاتا ا ور تمل ناڈو پولیس کی مشترکہ کاروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-08

کوئمبتور میں کولکاتا ا ور تمل ناڈو پولیس کی مشترکہ کاروائی

کوئمبتور میں کولکاتا ا ور تمل ناڈو پولیس کی مشترکہ کاروائی
فوجی کیمپ میں گھس کر 27فوجیوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے والا ماؤ نواز دہشت گرد پانچ سال بعد گرفتار
مغربی بنگال کے جکا رام پولیس اسٹیشن حدود میں واقع سیالدہ پیرا ملٹری کیمپ موجود ہے، اس کیمپ میں گذشتہ پانچ سال قبل 26.05.2008 کو ماؤ نواز دہشت گرد وں نے گھس کر یہاں موجود پیرا ملٹری فورس پر اندھا دھند گولی چلائی تھی، اس دہشت گردانہ حملہ میں 27نیم فوجی دستہ کے جوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، فوجیوں پر حملہ کرنے کے بعد مذکورہ ماؤ ناز دہشت گردوں نے کیمپ میں موجود بندوق اور نیم فوجی دستہ کے پاس موجود دیگر ہتھیاروں کو لوٹ کر فرار ہوگئے، مغربی بنگال کے محکمہ پولیس کے سامنے اس کیس کی حیثیت بے حد اہمیت کی حامل تھی، کیونکہ ماؤ نواز دہشت گردوں نے 27 نیم دستی فوجیوں پر حملہ کرکے ان کو ہلاک کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے، ماؤ نواز دہشت گرد وں کے اس حملے کو کولکاتہ پولیس نے ایک چیلنج کے طور پر لیا، اوران ماؤ نوازوں کو ڈھونڈنے کے لیے پورے مغربی بنگال میں جال بچھا دیا، کولکاتہ پولیس کی کاروائی سے اس حملہ میں ملوث چند ماؤ نواز دہشت گرد وں کی گرفتاریا ں عمل میں آئیں ، لیکن اس حملے کے ماسٹر مائنڈ ما نا جانے والا اور دیگر کئی قتل کے معاملے میں مطلوب ماؤنواز ملزم شیام چرن ٹوڈومفرور ہی رہا ، کولکاتہ پولیس نے مفرور شیام چرن ٹوڈو کو ڈھونڈ نکالنے کی حتی الامکان کوشش کی ،جنگل کے علاقوں میں بھی کئی چھاپے مارے گئے ، لیکن پولیس کو کامیابی نہیں مل سکی،پولیس نے شیام چرن کے والدین سے اس کی تفصیل جاننی چاہی ، اور ان سے پوچھ تاچھ کی تو انہوں نے شیام چرن سے متعلق صاف طور پر کہہ دیا کہ وہ ان کو اور گھر کو چھور کر کئی سال سے فرار ہے، لہذا انہیں اس کے متعلق کسی قسم کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں، لیکن کولکاتہ پولیس نے ہمت نہیں ہاری ، اور لگاتار شیام چرن کی تلاش میں لگے رہے، کولکاتہ پولیس کو جب اس کے گھر والوں سے کوئی سراغ نہیں ملا تو انہوں نے شیام چرن کے رشتہ داروں سے اس کے متعلق پوچھ تاچھ کرنا شروع کیا، رشتہ داروں سے پوچھ گچھ کرنے پر کولکاتہ پولیس کو کامیابی ملی، شیام چرن کے رشتہ داروں سے پولیس کو شیام چرن کا موبائل نمبر حاصل ہوگیا، کولکاتہ پولیس کو جیسے ہی یہ اہم سراغ ملا، پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی، پولیس نے سب سے پہلے شیام چرن کے موبائل نمبر کی نگرانی شروع کردی، پولیس نے اس موبائل فون سے کئے جانے والے گفتکو کو ریکارڈ کرنا شروع کردیا، جس سے پولیس کو پتہ چلا کہ شیام چرن کسی سے لگاتار بات کر رہا ہے، جب پولیس نے شیام چرن کے فون کو ٹریس کیا تو انہیں پتہ چلا کہ یہ فون کال ، تمل ناڈو کے اہم صنعتی شہر کوئمبتور سے کیا جارہا ہے، فوری طور پر کولکاتہ پولیس کی ایک ٹیم تمل ناڈو کے کوئمبتور شہر پہنچ گئی، اور کوئمبتور شہر کے پولیس کمشنر وشواناتھن سے ملاقات کرکے شیام چرن کے متعلق ساری تفصیلات بتائی، اور کولکاتہ پولیس اور تمل ناڈو نے ماؤنواز ملزم شیام چرن کو پکڑنے کے لیے جال بچھا دیا، سب سے پہلے موبائل فون کس علاقے میں ہے ، اس کی جانکاری حاصل کی گئی، موبائل ٹریسنگ کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ یہ موبائل فون، کوئمبتور، پیلامیڈو نامی علاقے ، وی کے روڈ علاقے سے استعمال کیا جارہا ہے، اس کے بعد پولیس نے کل رات شیام چرن کے صحیح مقام کا پتہ لگا لیا، پولیس کے بیان کے مطابق شیام چرن کے موبائل ٹریسنگ سے پتہ چلا کہ وہ اس علاقے کے ایک کارخانے میں موجود ہے، لہذا کوئمبتور کیو برانچ پولیس، کوئمبتور شہر کی پولیس ٹیم اور کولکاتہ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے اس کارخانہ میں گھس کر اسے گھیر لیا، اور اسے گرفتار کرلیا، شیام چرن کو گرفتار کرنے کے بعد پولیس ٹیم اس کو پیلا میڈو پولیس اسٹیشن لے گئی، اور وہاں اس سے پوچھ تاچھ کی گئی ، جس سے پولیس کو پتہ چلا کہ شیام چرن امسال فروری ہی کو کوئمبتور شہر آیا تھا، اس سے قبل وہ پانچ سال سے ملک کے کئی حصوں میں پولیس سے چھپتا رہا، اس سلسلے میں شیام چرن سے پولیس مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے، تمل ناڈو کے مشہور صنعتی شہر میں ماؤ نواز کی گرفتاری سے شہر میں افراتفری کا ماحول بن گیا ہے، پولیس اس بات کو بھی جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ شیام چرن کے ساتھ کہیں اس کے ساتھی ماؤ نواز اس شہر میں موجود تو نہیں ہیں ؟ واضح رہے کہ گرفتار شدہ ملزم شیام چرن پر پولیس نے دفعہ 147، 148،350،323،307،302، 379،25(1)کے تحت جملہ آٹھ دفعات لگا کر مقدمہ درج کرلیا ہے، اس کے علاوہ پولیس نے شیام چرن پر آٹھ قتل کے مقدمہ بھی درج کرلیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ ماؤ نواز ملزم شیام چرن کو کولکاتہ پولیس اپنے تحویل میں لیکر آج کولکاتہ لے جانے والی ہے، جہاں شیام چرن سے مزید پوچھ تاچھ کی جائے گی، اور فوجیوں پر حملہ کے اس کیس میں پولیس کو مزید پیش رفت اور تفصیلات حاصل ہونے کے امکانات ہیں۔

Kolkata and Tamil Nadu police joint action in coimbatore

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں