سرمایہ کاروں سے مودی کی ساز باز کا پردہ فاش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

سرمایہ کاروں سے مودی کی ساز باز کا پردہ فاش

گجرات سے متعلق کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی تازہ رپورٹ نے سرمایہ کاروں، دھنا سیٹھوں اور کارپورٹ کمپنیوں سے مودی سرکار کی ساز باز کا پردہ فاش کردیا ہے۔ سی اے جی کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت اور ریاست کی پبلک سیکٹر کی کمپنیوں( سرکاری کمپنیوں) نے بڑی کارپوریٹ کمپنیوں پر "بے جا عنایتوں" کے ذریعہ ریاستی خزانے کو کم ازکم 580 کروڑ روپئے کا نقصان پہنچایا ہے۔ مودی سرکار نے جن کمپنیوں پر خصوصی "نظر عنایت" کی ان میں ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ، ایسار اسٹیل اور اڈانی پاور لمیٹیڈ سرفہرست ہیں۔ سی اے جی کی یہ رپورٹ جسے منگل کو گجرات اسمبلی میں پیش کیا گیا نے فی الحال بی جے پی کی بولتی بند کردی ہے جبکہ کانگریس نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے بی جے پی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ضمن میں ایکشن لے۔ واضح رہے کہ سی اے جی کی رپورٹوں کی بنیاد پر ہی بی جے پی نے مرکز میں متعدد مرتبہ پارلیمنٹ کی کارروائی تک نہیں چلنے دی۔ اس سلسلے میں کانرگیس کے لیڈر اور مرکزی وزیر برائے اطلاعات ونشریات منیش تیواری نے بدھ کو بی جے پی کی لیڈر شپ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ "دہلی اور احمد آباد کیلئے ان (بی جے پی قیادت) کا معیار الگ الگ ہے۔ سی اے جی کی رپورٹ پر پارلیمنٹ کا پورا ایک سیشن نہیں چلنے دیا گیا جبکہ اب ان کا موقف کچھ اور ہے"۔ سی اے جی کی رپورٹ میں مودی سرکار پر یہ الزام بھی عائد کیاگیا ہے کہ اس نے آٹو موبائیل کمپنی فورڈ انڈیا اور انجینئرنگ نیز کنسٹرکشن کے شعبے کی ممتاز کمپنی لارسن اینڈ ٹوبرو کیلئے ضوابط میں تبدیلیاں تک کیں جس کی وجہہ سے ریاستی خزانے کو نقصان اٹھانا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق گجرات اسٹیٹ پاور لمیٹیڈ (جی ایس پی ایل) نے گیس کی منتقلی کے اخراجات کے تعلق سے طے شدہ ضوابط سے انحراف کرکے ریلائنس انڈسٹریز کو 52.27 کروڑ کا فائدہ پہنچایا اور خود اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اسی طرح رپورٹ میں دوسری سرکاری کمپنی اُرجاوکاس نگم لمیٹیڈ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا گیا ہے۔ جو بجلی کی خرید کے تعلق سے طے شدہ معاہدے کی شرائط پر قائم نہیں رہا جس کی وجہہ سے کمپنی کو 120.28 کروڑ روپئے جو جرمانہ کی شکل میں مل سکتے تھے نہیں ملے اور اڈانی پاور لمیٹیڈ کو اس کا فائدہ پہنچا۔

CAG slams Modi govt for helping private cos

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں