ایس۔ایف۔آئی لیڈر کی موت افسوسناک - ممتا بنرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-04

ایس۔ایف۔آئی لیڈر کی موت افسوسناک - ممتا بنرجی

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایس ایف آئی لیڈر کی موت کو افسوسناک قراردیا ہے اور کہا ہے کہ ہر موت افسوسناک ہوتی ہے۔ یہ موت بھی یقینا افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ آج بدھ کے روز اظہار تعزیت کیلئے ایس ایس کے ایم اسپتال گئی تھیں جہاں کل منگل کے روز دھرم تلہ کے رانی راش منی روڈ پر مظاہرے کے دوران مارے جانے والے ایس ایف آئی لیڈر سدپتا گپتا کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سی پی ایم کی طلبہ تنظیم کے لیڈر کی ہلاکت کی عدالتی جانچ کرانے کے مطالبے پر کوئی جواب نہیں دیا۔ یاد رہے کہ اس موت کیلئے پولیس کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ایس ایف آئی لیڈر سدپتا گپتا کی موت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اس کے گھروالوں کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ کے اس بیان پر مہلوک کے والدنے کہاکہ بیٹے کی موت کے بعد کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح ہو کہ گذشتہ منگل کو قانونی شکنی پروگرام کے تحت ایس ایف آئی حامیوں نے دھرم تلہ میں پولیس کا گھیراؤ توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چلائی اور انہیں گرفتار کرکے پولیس وین میں بٹھادیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سدپتا گپتا کے سر میں شدید چوٹ آئی۔ اسے علاج کیلئے ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا جہاں دیر شام اس کی موت ہوگئی۔ دوسری طرف سدپتا گپتا کے گھروالوں اور ساتھیوں کا کہنا ہے کہ سرے کے علاوہ جسم کے دوسرے حصوں پر زخم کے نشانات پائے گئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے اسے چلتی ہوئی وین سے پھینک دیا ہے۔

Mamata condolence on death of SFI leader

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں