بنگلور بی۔جے۔پی آفس کے قریب بم دھماکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-18

بنگلور بی۔جے۔پی آفس کے قریب بم دھماکہ

کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں آج صبح ایک بم دھماکہ کیا گیا جس میں 16افراد بشمول 11پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔ بم دھماکہ صبح 10:30 بجے اس وقت ہواجب بی جے پی کا دفتر معمول کے مطابق پارٹی کارکنوں اور امیدواروں سے بھرا ہوا تھا جیسا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کیلئے 3ہفتوں سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ آر اشوک نے اس دھماکہ کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا اور کہاکہ صدفیصد اس حملہ کا نشانہ بی جے پی کے کارکن اور قائدین تھے۔ ذرائع نے بتایاکہ پولیس، بی جے پی کے دفتر میں کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرہ( سی سی ٹی وی) کی ایک ہارڈ ڈسک کا جائزہ لے رہی ہے جس میں ایک شخص کی تصویر ریکارڈ ہوگئی ہے جو مشتبہ حرکتیں کررہاتھا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ دھماکہ میں کوئی 2کیلو گرام گریڈ Iدھماکو مادہ استعمال کیا گیا ہے۔ اس دھماکہ میں ایک 25سالہ پرانی موٹر سائیکل کا استعمال کیا گیا جوآندھراپردیش سے چرائی گئی تھی اور اس پر ٹاملناڈو کا ایک جعلی رجسٹریشن نمبر تھا۔ یہ موٹر سیکل صبح 10بجے کے قریب بی جے پی کے دفتر کے باہر ٹہرائی گئی تھی۔ دھماکہ کے ساتھ ہی زبردست آگ دیکھی گئی اور کئی گاڑیاں بشمول اسٹیٹ ریزور پولیس کی ویان تباہ ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ یہ دھماکہ کار میں نصب ایک سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔ اس واقعہ میں 16افراد بشمول 8پولیس ملازمین زخمی ہوگئے، کسی کی حالت بھی نازک نہیں ہے۔ زخمیوں کو ملیشورم کے کے سی ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہاکہ مرکز اس واقعہ کی تحقیقات شروع کرے گا۔ اس سوال پر کہ آیا اسے ایک دہشت گرد حملہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اس کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کرناٹک کے ساتھ رابطہ میں ہیں اور تمام ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

Blast near BJP office shakes Bangalore

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں