بہوجن سماج پارٹی کی مایاوتی کو جلد عام انتخابات کا یقین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-18

بہوجن سماج پارٹی کی مایاوتی کو جلد عام انتخابات کا یقین

یہ بتاتے ہوئے کہ ملک سیاسی غیر یقینی کے ایک دور سے گذر رہا ہے ، بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہاکہ ان کی پارٹی لوک سبھا انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے جو اس کے شیڈول سے قبل منعقد ہوسکتے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات جلد منعقد ہوں یا اس کے شیڈول سے پہلے منعقد ہوں، بہوجن سماج پارٹی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے یہاں ایک اجلاس میں پارٹی کے عہدیداروں، ایم پیز اور ایم ایل ایز سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ بی ایس پی کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، لوک سبھا کے عام انتخابات کے امیدواروںاور پارٹی عہدیداروں کی میٹنگ میں مایاوتی نے کہاکہ مرکز میں کانگریس کی زیر قیادت ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کی بدعنوانی، مہنگائی اور بے روزگاری سے ملک کے عوام پریشان ہیں۔ ملک کی سیاسی صورتحال لگاتا غیر یقینی حالت کی طرف بڑھ رہی ہے اس لئے لوک سبھا کے انتخابات قبل ازوقت ممکن ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اس کی تیاری اطمینان بخش ہے۔ پارٹی تنظیم کی ہر سطح پر تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے آئندہ یکم مئی سے تمام سماج کے لوگوں میں پارٹی کی بنیاد کو مضبوط کرنے کیلئے کچھ رہنمایانہ ہدایات بھی جاری کیں۔ مایاوتی نے انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں اور ممبران پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ اپنے علاقے میں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اور اپنے سماج کے ساتھ ساتھ دیگر سماج کو پارٹی سے جوڑنے کیلئے کام کرتے رہیں۔ بی ایس پی کے ممبران اسمبلی، پارلیمنٹ کو بھی لوگوں کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کے حل کی کوشش کرنی ہوگی۔

Expect early elections, says Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں