مرکز میں اگلی حکومت اڈوانی کی قیادت میں بنے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-04-07

مرکز میں اگلی حکومت اڈوانی کی قیادت میں بنے گی

بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر وجئے گوئل نے آج یہ کہتے ہوئے زعفرانی پارٹی میں کھلبلی مچادی کہ مرکز میں اگلی حکومت ایل کے اڈوانی کی زیر قیادت بنائی جائے گی۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جبکہ پارٹی میں وزارت عظمی کے امیدوار کی حیثیت سے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی کو نمایاں کرکے پیش کیا جارہا ہے۔ پارٹی کی یوم تاسیس تقریب میں اڈوانی اور پارٹی صدر راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں تقریر کرتے ہوئے گوئل نے کہا "مرکز میں اگلی حکومت کسی اور کی نہیں ایل کے اڈوانی کی قیادت میں تشکیل دی جائے گی"۔ ان کا یہ بیان ٹیلی ویژن چینلس پر مباحث کا موضوع بن گیا۔ خود پارٹی کے حلقوں میں اس پر کھلبلی مچ گئی۔ بعدازاں گوئل نے یہ کہتے ہوئے اپنے ریمارک کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کی کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ اگلی حکومت اڈوانی کی رہنمائی میں بنے گی۔ اپنی تقریر میں واجپائی اور اڈوانی کی مدح سرائی کرتے ہوئے گوئل نے کہاکہ انہوں نے پارٹی کے قیام کے بعد سے ہی رہنمائی کی ہے اور اب جب کہ واجپائی کی صحت ٹھیک نہیں ہے تو پارٹی کو اڈوانی کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اڈوانی نے اپنی تقریر میں ایودھیا مسئلہ کو چھیڑتے ہوئے یہ اشارہ دیا کہ اقتدار کیلئے وہ ایک بار پھر ہندوتوا کی ڈگر پر واپس جانے تیار ہیں۔ اڈوانی نے حال ہی میں بی جے پی کی عاملہ کونسل سے خطاب کے دوران اقلیتوں کو پارٹی سے قریب کرنے کی ضرورت پر زوردیاتھا۔ تاہم آج انہوں نے پارٹی کارکنوں نے کہاکہ وہ ایودھیا تحریک پر معذرت خواہانہ طرز عمل اختیار نہ کریں۔ ایودھیا تحریک اور بابری مسجد کی شہادت میں اہم رول ادا کرنے والے اڈوانی نے کہا "جب لوگ یہ یقین رکھتے ہوئے آپ سے ایودھیا مسئلہ پر بات کریں اور اس پر احتجاج کریں تو آپ اس پر معذرت خواہی و شرمندگی کا رویہ اختیار نہ کریں بلکہ اس پر فخر کرنا چاہئے"۔ بی جے پی ہیڈ کوارٹرس میں پارٹی کی یہ تاسیسی تقریب 2014ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کی مہم کے انداز کا اشارہ دے رہی تھی۔ اڈوانی نے کہا انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کی پارٹی نے رام مندر اور ایودھیا کا مسئلہ اٹھایا اور یہ ثابت کیا کہ یہ صرف سیاسی نہیں بلکہ ثقافتی جماعت بھی ہے۔ بابری مسجد کی شہادت پر فخر جتاتے ہوئے اڈوانی نے کہاکہ جولوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بی جے پی نے ایودھیا اور رام مندر کے مسئلہ پر ہی عوامی تائید حاصل کی ایسے لوگوں پر انہیں اعتراض نہیں ہے لیکن کہاکہ وہ ایودھیا یاترا مکمل نہیں کرسکے کیونکہ انہیں ایودھیا پہنچنے سے پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا۔

Advani will lead next government: Delhi BJP chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں