ضیا الحق قتل معاملہ - راجہ بھیا کی گرفتاری کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-09

ضیا الحق قتل معاملہ - راجہ بھیا کی گرفتاری کا امکان

لکھنؤ/پرتاب گڑھ۔ (ایس این بی) کنڈہ میں ڈپٹی ایس پی ضیاء الحق سمیت3افراد کے قتل کی جانچ کرنے پہنچی سی بی آئی ٹیم نے دودرجن سے زائد پولیس اہکاروں کو جانچ کے دائرہ میں لے لیا ہے ، ان میں بیشتر وہ ہیں جو موقعہ واردات پر موجود تھے ۔ ان کے علاوہ جائے وقوعہ پر سب سے پہلے پہنچنے والے پولیس افسران پر بھی جانچ کی تلوار لٹک چکی ہے ۔ ایس پی پرتاب گڑھ سے مذکوہ پولیس اہکاروں کی معلومات طلب کی گئی ہے اور کل ہفتہ سے سی بی آئی ان سے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع کرے گی۔ دوسری جانب بلی پور گاؤں پہنچی سی بی آئی ٹیم نے وہاں کرائم سین کا خاکہ تیار کیا۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم اس معاملہ میں سابق ریاستی وزیر راجہ بھیا سے پوچھ گچھ کر سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ پرتاب گڑھ کے چیف میڈیکل افسرسے ڈی ایس پی ضیاء الحق کے پوسٹ مارٹم کے سلسلہ میں بھی معلومات حاصل کر سکتی ہے اور معطل کئے گئے پولیس افسران بھی سی بی آئی ٹیم کے نشانہ پر ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر کی بنیاد پر سی بی آئی کے افسران، اترپردیش اسمبلی کے اسپیکر ماتا پرساد پانڈے سے اجازت لے کر سابق وزیر راجہ بھیا سے پوچھ گچھ کر سکتے ہیں ۔ سی بی آئی کے افسران اسپیکر ماتا پرساد سے مل کر انہیں معاملہ سے متعلق معلومات فراہم کر سکتے ہیں ۔ دوسری جانب شہید سی او کی بیوہ پروین آزاد نے اپنے مرحوم شوہر کوبعدازمرگ ایس پی کا رینک اور بہادری کا انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے اور راجہ بھیا کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں