وشاکھاپٹنم میں وزیراعلیٰ کے ہاتھوں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-18

وشاکھاپٹنم میں وزیراعلیٰ کے ہاتھوں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح

مرکزی وزراء جئے رام رمیش، کشور چندر یوا اوروزیراعلیٰ این کرن کمار ریڈی نے ضلع وشاکھاپٹنم میں کئی ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کا افتتاح انجام دیا۔ اسی سلسلہ میں انہوں نے ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی طلبہ کیلئے ایک منفرد راجیو بالا سنجیونی ہیلتھ اسکیم متعارف کی۔ اس موقع پر انہوں نے وشاکھاپٹنم کے جی ویدھی ایجنسی علاقہ میں ایک عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترقی اسی کو کہا جاسکتا ہے جس سے پسماندہ طبقات کی زندگی میں بہتری پیدا ہو اور اگر پسماندہ علاقہ کے عوام ترقی حاصل کرتے ہیں تو اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ریاست ترقی کی منازل طئے کر رہی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس ایک ایسی جماعت ہے جو ریاست میں بسنے والے تمام طبقات کی بہتری کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے قبائلی طلبہ کیلئے شروع کردہ اس منفرد ہیلت اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس اسکیم کے تحت قبائلی طلبہ کو دو ہفتوں میں ایک مرتبہ میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا اور ان کی جسمانی صحت پر نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی پسماندگی کے سبب چھوٹی چھوٹی بیماریاں بھی معصوم طلبہ کیلئے جان لیوا ثابت ہو جاتی ہیں ۔ اگر ان کا ابتدائی سطح پر ہی پتہ چلایا لیا جاتا ہے تو اس مرض سے نجات ممکن ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس راجیو بالا سنجیونی ہیلتھ اسکیم کے ذریعہ ریاست کے مختلف اضلاع میں واقع 666 قبائلی علاقوں کے اسکولس کے 3.5 لاکھ طلبہ مستفید ہو سکتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کرن کمار ریڈی نے اپنے اس دورہ وشاکھاپٹنم کے دوران سولار پاور پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہاکہ اس سولار پاور پراجکٹ کی تعمیر کے بعد اس علاقہ کے 57 قبائلی دیہات توانائی اور برقی کی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں