شامی بچے سنگین مسائل میں گرفتار - اقوام متحدہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-14

شامی بچے سنگین مسائل میں گرفتار - اقوام متحدہ

شورش اور خانہ جنگی کے شکار شام میں بچوں کو جنہیں قصداً نشانہ بنایا جاتا ہے آتشیں گولیوں ، اذیتوں ، قلت تغذیہ، بیماریوں اور آبروریزیوں کا سامنا ہے ۔ یہ منظر نامہ لندن سے سرگرم بین الاقوامی فلاحی ادارہ"سیودی چلڈرن" نے پیش کیا ہے جس کا کہنا ہے کہ شام میں ایسے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جنہیں مسلح فریقین بھرتی کر رہے ہیں ۔ سیودی چلڈرن کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں بچوں کو بار برداری، محافظ کے طورپر نگرانی کرنے ، معلومات جمع کرنے اور لڑائی کرنے کیلئے ہی نہیں بلکہ بعض معاملات میں انسانی ڈھال کے طورپر بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ تنظیم کے ایک اندازے کے مطابق شام میں اس وقت 20لاکھ بچوں کو امداد کی ضرورت ہے کیونکہ ملک میں جاری تنازعہ کی وجہہ سے ان کی زندگی کے تمام پہلو متاثر ہوئے ہیں ۔ ترکی سے تعلق رکھنے والے محققین کے مطابق 4 میں 3شامی بچوں نے انٹرویو میں بتایاکہ لڑائی میں ان کا کم ازکم ایک عزیز ہلاک ہوا ہے ۔ رپورٹ" بچپن گولیوں کی زد میں " میں کہا گیا ہے کہ بہت سارے بچوں کو طبی سہولتیں تک رسائی نہیں اور وہ مخدوش حالات میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ انہیں بیماریاں لاحق ہونے کے اندیشے زیادہ ہیں ۔ ان بچوں کے خاندان کو دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے سخت جدوجہد کرنا پڑتا ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہہ سے کھانے کی چیزیں غریب لوگوں کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں