ٹیچر بننے کے لیے ٹی۔ای۔ٹی پاس کرنا لازمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-18

ٹیچر بننے کے لیے ٹی۔ای۔ٹی پاس کرنا لازمی

حکومت مہاراشٹرا نے اساتذہ اور تعلیم کا معیار بہتر بنانے کی غرض سے نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن ( این سی ٹی ای) کی جانب سے 23/اگست 2010ء کو جاری کئے گئے ایک سرکیولر کو مہاراشٹرا میں بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت "ٹی ای ٹی" (ٹیچرس ایلیجبلیٹی ٹسٹ) پاس کرنے والوں کو ہی بطور ٹیچر ملازمت ملے گی اور آئندہ تعلیمی سال سے یہ قانون نافذ ہو گا۔ اس نئے قاعدے کے مطابق اب اسکولوں میں بطور ٹیچر ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو "ڈی ایڈ" (ڈپلومہ ان ایجوکیش) اور "بی ایڈ"(بیچلر ان ایجوکیشن) کی سند حاصل کرنا کافی نہیں ہو گا بلکہ ٹیچر بننے کیلئے انہیں حکومت کے ذریعہ لیا جانے والا ٹی ای ٹی امتحان پاس کرنا ضروری ہو گا۔ یہ ٹسٹ مختلف ریاستوں میں پہلے ہی لازم قراردیا جا چکا ہے جہاں اسکولوں میں تعلیم دینے کے خواہشمند افراد کو "قابلیت کا امتحان" پاس کرنا ضروری ہوتا ہے ۔ اب آرٹی آئی( حق تعلیم) ایکٹ میں موجود قواعد کی بنیاد پر حکومت مہاراشٹرا نے بھی یہ قرارداد منظور کر لی ہے جس کے تحت خصوصی امتحان پاس کئے بغیر ٹیچر کی ملازمت نہیں ملے گی۔ نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن( این سی ٹی ای) نے طے کیا ہے کہ جو امیدوار"ٹی ای ٹی" میں 60فیصد یا اس سے زیادہ نمبرات حاصل کریں گے انہیں ٹیچر کی ملازمت کیلئے اہل سمجھاجائے گا۔ حکومت نے جو سرکیولر جاری کیا ہے اس کے مطابق سی بی ایس ای (سنٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن) اور تمام سرکاری، ایڈیڈ اور نان ایڈیڈ اسکولوں کو ٹی ای ٹی امتحان پاس کرنے والے ٹیچروں کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی تاکہ اسکولوں میں تعلیم کا معیار بہتر ہو سکے ۔ حکومت کے اس اقدام سے یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ خصوصی طورپر میونسپل اسکولوں میں تعلیم کے معیار میں بہتری آئے گی جس کا عوام کو انتظار ہے ۔

NCTE's test "TET" is now necessary for teaching job in maharashtra

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں