سری لنکا پر ٹامل ناڈو اسمبلی کی قرارداد مرکز نے مسترد کر دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

سری لنکا پر ٹامل ناڈو اسمبلی کی قرارداد مرکز نے مسترد کر دی

حکومت نے آج ٹاملناڈو اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد کو مسترد کردیا ہے جس میں مرکز سے خواہش کی گئی تھی کہ وہ سری لنکا کو دوست ملک قرار دینا چھوڑدے اور اس پر پابندیاں عائد کرے۔ وزیر خارجہ سلمان خورشیدنے بتایاکہ یہ قرارداد قبول کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ٹاملناڈو واحد ریاست نہیں ہے دیگر ریاستوں کے مفادات بھی اس سے وابستہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم ٹاملوں کے جذبات سمجھتے ہیں لیکن صرف ان کے احساسات کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات نہیں کرسکتے۔ چیف منسٹر جیہ للیتا کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ٹاملناڈو اسمبلی نے منظور کرتے ہوئے مرکز سے خواہش کی تھی کہ وہ اس وقت تک کولمبو کے خلاف سخت اقدامات کرے جب تک کہ وہ ٹاملوں پر ظلم ڈھانا بند نہیں کرتا۔ قرارداد میں مرکز سے خواہش کی گئی تھی وہ سری لنکا پر دباؤ ڈالے کہ وہ ٹاملوں کی نسل کشی میں ملوث افراد کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلائے۔ سلمان خورشید نے امید ظاہر کی کہ ٹاملوں کے جذبات قابو سے باہر نہیں ہوں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں