پاکستان - ہندوستان کو عنقریب پسندیدہ ملک کا درجہ دے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

پاکستان - ہندوستان کو عنقریب پسندیدہ ملک کا درجہ دے گا

ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر سلمان بشیر نے آج اس بات کا اشارہ دیا کہ ان کا ملک بہت جلد ہندوستان کو سب سے زیادہ پسندیدہ ملک کا درجہ دے سکتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اصولی طورپر اس مسئلہ پر فیصلہ کیا جاچکا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے کئی دور مکمل ہوچکے ہیں۔ باہمی تجارت و معاشی تعاون کا ایک نیا دور شروع ہونے کو ہے۔ آئندہ چند ہفتوں یا چند ماہ کے دوران کسی بھی وقت قطعی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ سلمان بشیر"ہند۔پاک معاشی تعلقات کے زیر عنوان نئی دہلی میں ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے"۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے اعتماد کے ماحول کی بحالی اور آپسی تعاون کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے۔ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں میں اس بات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتربنائیں جائیں۔ دونوں ممالک کے لئے اسی میں کامیابی کا راز چھپا ہوا ہے۔ ہندوستان پاکستان کو 1990ء میں پہلے ہی پسندیدہ ملک کا موقف دے چکا ہے۔ 2سال قبل پاکستان نے بھی پسندیدہ ملئک دینے کا فیصلہ کیا تھا اب صرف اس کا اعلان باقی ہے جس میں بڑی تاخیر ہورہی ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایاکہ پاکستان میں عام طورپر یہ خدشہ پایا جاتا ہے کہ ہندوستانی اشیاء کی درآمد اور یکطرفہ تجارت سے اس ملک میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ انتخابات کے بعد برسر اقتدار آنے والی نئی حکومت اس مسئلہ کا پھر سے جائزہ لے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں