ممبئی - مشہور آرٹسٹ آصف خان کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-03

ممبئی - مشہور آرٹسٹ آصف خان کا انتقال

ممبئی کے علمی، ادبی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں مقبول اور اپنی فعالیت، ملنساری، خوش مزاجی نیز دردمندی کے حوالے سے امتیازی شناخت رکھنے والے مشہور آرٹس آصف خان سنیچر 2مارچ کی دوپہر اس درافانی سے کوچ کرگئے ۔ ان کی عمر 58 سال تھی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے ہیں ۔ آصف خان 18برس تک کینسر جیسے تکلیف دہ مرض سے برسر پیکار اور اس مرض پر حاوی ہونے کی کوشش میں بڑی حدتک کامیاب رہے لیکن ادھر کچھ عرصے سے مرض ان پر حاوی ہونے لگا تھا۔ انہیں سنیچر کی رات کو ناریل واڑی قبرستان میں علم و فن کے قدردانوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ مرحوم آصف آرٹسٹ ہونے کی وجہہ سے صحافتی حلقوں میں باذوق ہونے کے سبب علمی و ادبی حلقوں اور عوام الناس کی خدمت کے اعلیٰ جذبہ کی وجہہ سے سماجی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے ۔ الگ الگ وقتوں میں وہ متعدد اخبارات سے بھی وابستہ رہے ۔ ان کے بنائے ہوئے کارون اور کیری کیچر کافی پسند کئے جاتے تھے ۔ سماجی و تعلیمی ادارہ "نیڈس" کے پرچم تلے انہوں نے جوبے لوث سماجی خدمت انجام دی اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کیرئیر گائیڈنس اور روزگار کے تئیں بیداری لانے کے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اُن کا وصف خاص تھا۔ ایسے پروگراموں کی کامیابی کیلئے اُن کی تگ و دود دیکھ کر کوئی اندازہ نہیں کر سکتا تھا وہ سرطان جیسے مرض میں مبتلا ہیں جس کا انکشاف ہی بہت سے مریضوں کی آدھی قوت سلب کر لیتا ہے ۔ "نیڈس" کے زیر اہتمام " بنت ہند" ایوارڈ کی تقسیم کیلئے بھی ان کی دلچسپی اور فعالیت دیکھنے جیسی ہوتی تھی۔ علم و ادب کے ذوق کی سیرابی کیلئے مطالعہ کرنا اور ادبی وعلمی محفلوں میں شریک ہونا بھی اُن کا معمول تھا۔ وہ ممبئی کے درجنوں چھوٹے بڑے ادیبوں اور شاعروں کے بہت اچھے دوست تھے ۔

renown artist Asif khan passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں