اردو میڈیم سے کامیاب طلبا کی تہنیتی تقریب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-04

اردو میڈیم سے کامیاب طلبا کی تہنیتی تقریب

طلبہ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر کے اپنی صلاحیتوں کا لواہا منوائیں ۔ جب تک طلبہ اپنی صلاحیتوں کا اجاگر کر کے دنیا کے سامنے پیش نہیں کریں گے اُس وقت تک وہ اپنی منفرد شناخت نہیں بناسکتے ۔ کسی بھی زبان کے تعلیم یافتہ ہو انہیں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی بشرطیکہ وہ اپنے مضمون میں ماہر ہوں ۔ اردو اکیڈیمی جدہ کی ایس ایس سی اردو میڈیم میں اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء بہترین اساتذہ و صدر مدرسین کو ایوارڈ تقریب سے خطاب میں مہمانوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پروفیسر محمد اکبر علی خان وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی نے بتایا کہ اردو ذریعہ تعلیم ترقی میں رکاوٹ نہیں ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ جب اردو ذریعہ تعلیم رکھنے والے طلبہ اپنی مہارتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں تو ان کی اہمیت کو بھی دنیا قبول کرنے پر مجبور ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تمام شعبوں میں اپنے وجود کو منوانے جدوجہد کریں اور ہر شعبہ میں مہارت حاصل کریں ۔ پروفیسر محمد اکبر علی خان نے کہاکہ مادری زبان میں تعلیم اہمیت کی حامل ہے کیونکہ جو مادری زبان میں تعلیم حاصل کرتے ہیں انہیں حصول علم میں دشواری نہیں ہوتی۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی نے کہاکہ اردو اکیڈیمی بہت جلد اردو میڈیم اسکولس میں انفراسٹرکچر کی فراہمی اسکیم کا آغازکرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی طلبہ ایمسیٹ کی حد تک اکتفا کر رہے ہیں جو بہتر نہیں ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نہ صرف ایمسیٹ لکھیں بلکہ سیول سرویسز اور بینکنگ سکیٹر کے علاوہ منصوبہ بندی میں کلیدی عہدوں پر کامیابی کیلئے کوششں کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ ریاست کے طلبہ اگر حکومت کی اسکیمات سے استفادہ حاصل کر کے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور اپنا مقصد پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں کئی سہولتیں میسر آئیں گی۔ چونکہ حکومت کئی اسکیمات کے ذریعہ عوام کو بالخصوص طلبہ کو فائدہ پہنچا رہی ہے ۔ جس میں فیس کی بازادائیگی اور تعلیمی وظائف شامل ہیں ۔ جناب خلیق الرحمن سینئر کانگریس قائد نے کہاکہ اردو کے ساتھ حکومتوں کا سلوک اردو ذریعہ تعلیم سے عدم دلچسپی کا موجب بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست اردو اسکولوں کی ابتر حالت کے باوجود اردو تعلیم حاصل کرنے والوں میں ملک بھر میں 4نمبر پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی اسکولوں میں بنیادی سہولتیں نہ کے برابر ہیں جس کی وجہہ سے طلبہ اردو سرکاری اسکولوں میں داخلہ سے گریز کرتے ہیں ۔ جناب خلیق الرحمن نے بتایا کہ اردو کے ساتھ روا سلوک کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

A meeting for qualified SSC urdu medium students

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں