اوقاف کی جائیدادوں پر سرکاری دفاتر کے خلاف کاروائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-16

اوقاف کی جائیدادوں پر سرکاری دفاتر کے خلاف کاروائی

مہاراشٹرا میں تقریباً 82اوقاف کی جائیدادوں پر سرکاری و نیم سرکاری دفاتر موجود ہیں جس میں پولیس کمشنر دفتر سے لے کر دیگر دفاتر بھی شامل ہیں ۔ نیز ان ناجائز قبضوں کو ہٹانے کیلئے وزارت اقلیتی بہبود نے سخت کار روائی کرتے ہوئے ان کے قبضوں سے ان جائیدادوں کو آزاد کرانے کیلئے قانونی نوٹس جاری کیا ہے ۔ یہ اطلاع آج یہاں اقلیتی امور وزیر محمد عارف نسیم خان نے قانون ساز کونسل میں ممبران کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دی۔ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران قانون ساز کونسل میں شیوسینا سینئر لیڈر نیلم گوڑے اور دیگر کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت ناجائز قبضوں کو ہٹانے کے اپنے وعدے پر قائم ہے نیز ریاست کی بیشتر سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے دفاتر بھی وقف جائیدادوں پر واقع ہیں جس میں لاتور میں 30 عثمان آباد میں 7، ناندیڑمیں 4، پربھنی میں 5، جالنہ میں 8اور اورنگ آباد میں 18جائیدادیں شامل ہیں ۔ اس طرح سے 60-70 ایکڑقطعہ اراضی پر سرکاری محکموں کا ناجائز قبضہ ہے اور اسے ہٹانے کیلئے بھی وزارت اقلیتی بہبود نے وقف بورڈ کی معرفت سے قانونی کار روائی کا آغاز کرتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس جاری کیا ہے اور انتباہ دیا ہے کہ وہ ان جائیدادوں پر واقع اپنے دفاتر کو منتقل کریں ورنہ قانون کے مطابق کار روائی کی جائے گی۔ اس موقع پرتفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں کل 93ہزار 329 ایکڑقطع اراضی پر اوقاف کی جائیدادیں واقع ہیں جس میں جن جائیدادوں پر ناجائزقبضے کئے گئے ہیں ان میں کل 1824 جائیدادوں کے تعلق سے وقف قانون کی دفعہ 54کے تحت نوٹس جاری کئے گئے ہیں نیز توقع ہے کہ دوہزار ایکڑقطعہ اراضی پر جلد ہی وقف بورڈ اپنا حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ بعد میں اسے 25متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا کہ اسے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوقاف کی تمام جائیدادوں کا کمپیوٹرائز ڈ ریکارڈ تیار کیا جا چکا ہے ۔


proceedings against govt offices to save wakf properties by minorities affairs ministry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں