تیسری معیاد سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر تنازعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

تیسری معیاد سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر تنازعہ

کانگریس کے وزرا نے آج وزیراعظم منموہن سنگھ کے اس بات پر کو غیر اہم قراردیا جس میں انہوں نے تیسری معیاد کیلئے وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل ہونے کو مسترد نہیں کیا ہے۔ پارٹی ترجمان راشد علوی نے کہاکہ عوام راہول گاندھی کو وزیراعظم کی حیثیت سے دیکھنے کے خواہشمند ہیں جبکہ مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر راجیو شکلا نے ریمارک کیا کہ وزیراعظم نے ایسا کچھ بھی نہیں کہا جس سے تیسری معیاد کیلئے ان کی خواہش کا اظہار ہوتا ہو۔ شکلا نے کہاکہ میڈیا نے منموہن سنگھ کے ریمارک کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ وزیر اطلاعات ونشریات منیش تیواری نے کہاکہ وزیراعظم کے بیان کو غیر ضروری طورپر بڑھا چڑھاکر پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس ترجمان راشد علوی نے کہاکہ پارٹی کی قیادت ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر 2014ء کے عام انتخابات کے بعد اگلے وزیراعظم کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی میں ملک کے اس اعلیٰ عہدہ کیئلے تمام خصوصیات موجود ہیں اور پارٹی کے ورکر نیز لیڈران انہیں ملک کے وزیراعظم کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ علوی نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ راہول گاندھی ملک کو ترقی کے راستے پر لے جائیں گے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کل ڈربن سے واپسی کے سفر میں ، جہاں وہ برکس کی پانچویں چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے گئے تھے، اخبار نویسوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ کیا وہ تیسری معیاد کیلئے وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل ہیں کہا تھا کہ وقت آنے پر ہی وہ اس کے بارے میں سوچیں گے۔ اس سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے 2014ء کے انتخابات کے بعد پارٹی کے برسر اقتدار آنے پر تیسری معیاد کیلئے وزارت عظمی کی دوڑ میں اپنی موجودگی کی گنجائش برقرار رکھی تھی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ اب بھی عوامی زندگی میں چلنے کیلئے طاقت، حوصلہ اور توانائی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے پورے خلوص اور دیانتداری کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اب فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔ منموہن سنگھ نے کہاکہ میں کامیاب ہواہوں یا نہیں اس کا فیصلہ ہندوستانی عوام کو کرنا ہے۔

Third term as Prime Minister is 'hypothetical', says Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں