خواتین کو خود مکتفی بنانے ادارہ سیاست کا منصوبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-25

خواتین کو خود مکتفی بنانے ادارہ سیاست کا منصوبہ

ادارہ سیاست و دکن ریڈیو کے زیر اہتمام منعقدہ خواتین کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کی نمائش و فروخت میں ایک دن کی توسیع دی گئی ہے۔ عوام کے اصرار اور بہترین ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے احاطہ سیاست میں موجود یہ نمائش 25 مارچ کو بھی جاری رہے گی۔ خواتین کو خود مختار بنانے کیلئے ان میں موجود صلاحیتوںکو اجاگر کرتے ہوئے ان کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کو بازار میں فروخت کیلئے پیش کرنا ضروری ہے۔ خواتین گھر بیٹھے تیار کی جانے والی اشیاء کو بازار میں فروخت کے ذریعہ بہترین آمدنی کا ذریعہ بنا سکتی ہیں۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج دکن ریڈیو اور سیاست کے زیر اہتمام خواتین کی جانب سے تیارشدہ اشیاء کی نمائش و فروخت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کااظہار کیا۔ انہوں نے بتایاکہ خواتین میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے پلیٹ فارمس کی فراہمی کی ضرورت ہے چونکہ خواتین کی جانب سے تیار کردہ اشیاء کیلئے مارکٹنگ بڑا مسئلہ ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ فی زمانہ اگر خواتین خود مختار ہوتے ہوئے اپنے خاندان کی معیشت کو بہتر بنانے کے اقدامات کا آغاز کرتی ہے تو ایسی صورت میں وہ اپنے افراد خاندان کیلئے ایک بہترین مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ جناب زاہد علی خان نے معاشرہ میں پیدا ہورہے بگاڑ کیلئے ٹیلی ویژن کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیلی ویژن پر جس طرح کے سیرئیلس دکھائے جارہے ہیں وہ معاشرہ کو تباہ کرنے کا موجب بن رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر موجودہ خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کے سیرئیلس سے اجتناب کریں جو معاشرہ میں تباہی پھیلانے کا موجب بن رہے ہیں۔ ایڈیٹر سیاست نے خواتین میں ہنر سیکھنے کے جذبہ میں ہورہے اضافہ کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ جو خواتین تعلیم یافتہ نہیں ہیں اگر وہ ہنر سیکھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرتی ہیں تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

Self employment schemes for women by "Siasat" daily.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں