پرویز مشرف کو سندھ ہائیکورٹ نے ملک چھوڑنے سے روک دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

پرویز مشرف کو سندھ ہائیکورٹ نے ملک چھوڑنے سے روک دیا

پاکستان کے سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کوسندھ ہائی کورٹ نے ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے۔ یہ امتناعی حکم آج جاری کیا گیا۔ مشرف، پاکستان میں آئندہ 11مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے اسی ہفتہ وطن واپس ہوئے تھے۔ احاطہ عدالت کے باہر ایک وکیل نے ان کی جانب جوتا پھنکا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس مشیر عالم کی زیر صدارت سندھ ہائی کورٹ کے واحد رکنی بینچ نے ضمانت کی مدت میں 15دن کی توسیع سے متعلق مشرف کی درخواست قبول کرلی۔ ان کی ضمانت ماقبل گرفتاری، پاکستان کو ان کی واپسی سے پہلے ہی منظور کرلی گئی تھی۔ اس طرح ماضی کے الزامات پر مشرف، ایک مقررہ مدت تک گرفتاری سے بچ گئے ہیں۔ آج جب وہ کورٹ کامپلکس سے باہر نکل رہے تھے۔ تب وہاں تشدد کے مناظر دیکھے گئے۔ وکلاء کے بعض گروپوں نے مشرف کے خلاف نعرے لگائے اور ایک برہم وکیل نے مشرف کی جانب جوتا پھینکا۔ ٹی وی فوٹیج میں بتایا گیا ہے کہ یہ جوتا، مشرف کے سامنے جمع ایک گروپ کے بیچ گرا۔ تجمل لودھی نامی ایک وکیل نے یہ جوتا، کاریڈور میں پھینکا تھا جو مشرف کو نہیں لگا اور ان کا حفاظتی عملہ انہیں، کورٹ کے باہر بحفاظت لے کر نکل گیا۔ تجمل لودی کو حراست میں لے لیا گیا اور انہیں ایک نامعلوم مقام پر لے جایا گیا۔ جیوٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ مشرف پر جوتا پھینکا گیا ہو۔ 2011 میں جب وہ برطانیہ میں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے، ان پر ایک شخص نے جوتا پھینکنے کی کوشش کی تھی۔ مشرف آج،سندھ ہائی کورٹ میں وی آئی پی باب الداخلہ کے راستہ داخل ہوئے لیکن جیسے ان کی موجودگی کی اطلاع عام ہوئی وکلاء نے احتجاج شروع کردیا اور چیف جسٹس کے چیمبر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ وکلاء اور پولیس عملہ کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ ضمانت میں توسیع کیلئے مشرف کو آج، عدالت میں شخصی طورپر حاضر ہونا تھا۔ عدالت نے ان کی ضمانت کی معیاد میں توسیع تو کردی لیکن عدالت کی اجازت کے بغیر ملک چھوڑنے پر امتناع عائد کردیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں