شمالی کوریا امریکی نشانوں پر حملہ کے لیے تیار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

شمالی کوریا امریکی نشانوں پر حملہ کے لیے تیار

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے جزیرہ نما کوریا پر امریکی اسٹیلتھ بمبار طیاروں کی پروازوں کے جواب میںاپنے میزائل یونٹوں کو امریکی اہدایت پر حملے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارہ کے سی این اے کے مطابق ملک کے قائد کم جانگ ان نے اس حکم نامہ پر کل شب ملک کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کے بعد دستخط کردئیے ہیں۔ اس حکم کے تحت شمالی کوریا کے تمام میزائل اور راکٹ یونٹوں کو جمعرات کی رات سے کسی بھی وقت کارروائی کیلئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ کے سی این اے کی رپورٹ کے مطابق کم جانگ ان نے بالآخر اسٹرٹیج راکٹوں کی تکنیکی تیاری کے منصوبہ پر دستخط کردئے جس کے تحت انہیں کسی بھی وقت فائز کرنے کیلئے تیار رکھنے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس موقع پر کم جانگ ان نے کہاکہ بی2 بمبار طیاروں کی پروازیں ایک الٹی میٹم تھا اور حساب برابر کرنے کا وقت آگیا ہے، اگر انہوں نے اس قسم کی اشتعال دلانے کی کوشش کی ہے تو کوریا کی عوامی فوج کو امریکی سرزمین، ان کے مضبوط ٹھکانوں اور بحرالکاہل میں ہوائی اور گوام میں جنوبی کوریا میں واقع امریکی فوجی اڈوں کو بے رحمانہ انداز میں نشانہ بنانا چاہئے۔ امریکہ کے وزیر دفاع چک ہیگل نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ شمالی کوریا کو سمجھنا ہوگاکہ وہ جو کچھ کررہے ہیں وہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ شمالی کوریا کی جانب سے اس قسم کی اکسانے کی کوششوں کو ہم سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس کا جواب دیا جائے گا۔ جنوبی کوریا نے حال ہی میں امریکہ کے ساتھ ایک معاہدہ پر دسخط کئے جس کے تحت شمالی کوریا کی جانب سے اشتعال انگیز کارروائیوں کی صورتحال میں دونوں مشترکہ کارروائی کریں گے۔ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے فوجی روابط کے خاتمہ کے سلسلے میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے 2 دن قبل وہ ملٹری ہاٹ لائن بھی منقطع کردی تھی جو دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطہ کا آخری ذریعہ تھی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں