ممبئی - ساکی ناکہ کے کارخانہ میں خوفناک دھماکہ - 5 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-30

ممبئی - ساکی ناکہ کے کارخانہ میں خوفناک دھماکہ - 5 ہلاک

شہر کے ساکی ناکہ علاقے میں واقع ایک کارخانے میں گیس کے رساؤ کے بعد مشین کا درجہ حرارت دگنا ہوجانے کے سبب "پریشر ڈائی کاسٹنگ مشین ، دھماکہ کے ساتھ پھٹ گئی جس کی وجہہ سے ایک ہی خاندان کے 5افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ رات ایک بجے کے بعد ہونے والے اس دھماکے کے بعد علاقے میں افر اتفری مچ گئی تھی اور پولیس فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کارخانہ کا پہلا منزلہ اور اس کی چھت کے پرخچے اڑ گئے۔ اس کی شدت سے چاروں جانب دوسرے کارخانوں کی دیواریں بھی منہدم ہوگئیں۔ دھماکہ کی آواز سن کر لوگ اپنے بستروں سے اٹھ کر بھاگے اور علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جہاں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، ایمبولینس اور پولیس کے اعلیٰ افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے وہیں مہاراشٹرا اے ٹی ایس کی ٹیم، کرائم برانچ، بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے افسران بھی جائے واقعہ پر پہنچ کر تفتیش میں جٹ گئے۔ ساکی ناکہ خیرانی روڈ کے یادنگر میں کے کے کمپاونڈ میں واقع گراونڈ پلس ون کے گودام میں "پریشر ڈائی کاسٹنگ مشین" کے ذریعہ ہریندر پٹیل نامی شخص المونیم کے ذریعہ مکسر وغیرہ کے کل پرزے بناتا تھا۔ سنیچر کی رات کو تقریباً 1:40 بجے منٹ پر کرائے کے گالے میں مذکورہ مشین کے ذریعہ 2ملازم کام کررہے تھے۔ اس دوران اچانک پریشر ڈائی کاسٹنگ مشین کا درجہ حرارت دگنا ہوگیا۔ اس کے بعد مشین کے پسٹن سے نائٹروجن نوزل گیس کے اخراج سے ایک دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر بغل کے 4 گوداموں کی دیواریں بھی منہدم ہوگئیں۔ کارخانے کی دیوار بغل میں واقع ایک مکان پر گری جہاں سورہے ایک ہی خاندان کے 5افراد ہلاک ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایاکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حادثہ کس وجہ سے ہوا ہے لیکن حادثہ کو دیکھتے ہوئے ایسا کہا جاتا ہے کہ گیس کے اخراج کے بعد پریشر ڈائی کاسٹنگ مشین کے پھٹنے سے دھماکہ ہوا۔ جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر آف پولیس وشواس ناگرے پاٹل نے ایک ہی خاندان کے 5افراد کے ہلاکت کی تصدیق کی اور کہاکہ اے ٹی ایس، کرائم برانچ، بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے افسران نے جائے وقوع کی تفیش شروع کردی ہے۔

Five killed in house collapse after blast in Mumbai's Sakinaka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں