دوردرشن پر اردو خبروں کی نشریات میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-23

دوردرشن پر اردو خبروں کی نشریات میں اضافہ

دوردرشن پر اردو نشریات خاص طورپر خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرام کو جدید خطوط پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ ڈی ڈی اردو پر دوسرے نیوز چینلوں کی طرح تازہ خبروں کا نیوز بلٹین، ہر دو گھنٹہ بعد نشر کیا جائے گا۔ یہ بات دوردرشن نیوز کے ڈائرکٹر جنرل ایس ایم خان نے ایک خصوصی ملاقات میں بتائی۔ خیال رہے کہ ڈی ڈی اردو پر فی الحال ہر صبح اور ہر شام کو ساڑھے 9بجے آدھے آدھے گھنٹہ کے نیوز اور حالات حاضرہ کے پروگرام نشر کئے جاتے ہیں اور نئے شیڈول کے تحت اب صبح 6بجے سے رات 12 بجے تک ہر دو گھنٹے کے بعد اپ ڈیٹ نیوز بلٹین ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ ایس ایم خان کے مطابق اس منصوبے سے اردو نیوز نشریات کی توسیع اور ترقی سے اردو داں آبادی کی ضروریات و توقعات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور طلبہ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے دور میں اردو کو اہمیت اور شناخت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اردو نشر و اشاعت کی زبان ہے۔ دوردرشن کی اس پہل سے اس کا دائرہ اور وسیع ہوگا۔ 1982ء بیچ کے آئی اے ایس افسر ایس ایم خان 13 سال تک سی بی آئی کے ترجمان کے طورپر خدمات انجام دیتے رہے بعدازاں ان کو میزائل مین اے پی جے عبدالکلام کے دور صدارت میں ان کے پریس سکریٹری کے طورپر کام کرنے کا موقع ملا۔ آج دوردرشن کے ڈائرکٹر جنرل کے انتہائی حساس اور اہمیت کے حامل عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اب تک ڈی ڈی اردو بہت محدود پیمانے پر کام کررہا تھا لیکن اب ڈی ڈی اردو نئے نئے پروگرام شروع کرنے جارہا ہے۔ اس کے علاوہ اب تک اردو نیوز چینل پر نیوز کاسٹر دیوناگری میں لکھی عبارت ہی پڑھتے تھے لیکن اب ایس ایم خان کی قیادت میں ترقی کے مدارج طے کررہے اردو نیوز بلٹین، حالات حاضرہ کے پروگراموں میں استعمال ہونے والا سافٹ وئیر اردو کا ہی ہوگا اور نیوز کاسٹر اور رپورٹر اور نامہ نگار اردو رسم الخط میں کام کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح سے اردو کو اعتبار اور وقار حاصل ہوگا۔ کرنٹ افئیر پر مذاکروں اور پروگراموں میں اردو داں ماہرین کو مدعو کیا جائے گا اور ٹارگیٹ سامعین کے موضوعات اور مسائل کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر شک کا اظہار کیا کہ اردو داں طبقہ میں ٹیکنشین کم ہیں انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈی ڈی اردو میں نئے نئے پروگرام شروع کئے جارہے ہیں۔ سیرئیل بنانے کے منصوبوں کو منظوری مل چکی ہے۔ اس زمرے میں 66 نئے سیریلز کو منظوری مل چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اردو میں سائنس، فکشن، نان فکشن اور کلچرل اور فیملی اوپر کے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ ڈی ڈی نیوز کے ڈائرکٹر جنرل نے بتایاکہ قومی سطح پر اردو کے پروگراموں کی توسیع اور ترقی کے علاوہ علاقائی زبانوں کے چینلوں پر بھی ارد بلٹین شروع کرنے کا منصوبہ ہے اور جلد ہی بنگلور اور بھوپال کے علاوہ دیگر علاقائی مراکز سے بھی اردو بلٹین شروع کیا جائے گا۔ اس سے قبل کرناٹک سے اردو بلٹین کے پروگرام کو شروع کرنے پر تنازعہ ہوچکا ہے مگر آج کے تناظر میں اس طرح کے کسی بھی تنازعہ کے اٹھنے کا اندیشہ کم ہے۔

more urdu news at doordarshan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں