مہارشٹرا ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کے لیے کم رقم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-21

مہارشٹرا ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کے لیے کم رقم

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار جن کے پاس وزارت مالیات کا بھی قلمدان ہے ، نے بدھ کو ریاستی اسمبلی میں 183.38 کروڑروپئے منافع کا بجٹ پیش کیا مگر اس میں اقلیتوں کیلئے صرف 280کروڑروپئے مختص کئے گئے ۔ ایسے وقت میں جبکہ مہاراشٹرا کو قحط سالی کا سامنا ہے وزیر مالیات نے سرکاری آمدنی بڑھانے کیلئے سگریٹ، تمباکو، شراب، زیورات اور کاسمیٹک اشیاء پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کر دیا تا ہم ضروری اجناس میں دی جانے والی رعایت کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ بجٹ میں اقلیتوں کی بہبود کیلئے فنڈ میں جہاں صرف 5کروڑکا ہی اضافہ کیا گیا وہیں مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے کیپٹل شئیر کو بڑھا کر 5کروڑروپئے کر دیا گیا۔ ٹیکس کی شرحوں میں اضافے سے حکومت کو 150کروڑروپئے کی زائد آمدنی کی امید ہے ۔ وقتاً فوقتاً بیانات جاری کرنے والے ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور عارف نسیم خان بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے خاطر خواہ رقم مختص کروانے میں ناکام رہے ۔ بہرحال اپنی خفت مٹانے کے ئے انہوں نے بجٹ پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہاکہ اقلیتوں کی پسماندگی دور کرنے کیلئے بجٹ میں زائد رقم مختص کی جانی چاہئے تھی تاکہ محکمہ کی جانب سے تیار کی گئی مختلف نئی اسکیموں کا نفاذ آسانی سے کیا جاسکے ۔ اقلیتی امور کے وزیر عارف نسیم خان نے ریاستی بجٹ کے دیگر پہلوؤں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ ریاست خشک سالی کا شکا رہے اس کے باوجود وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان کی قیادت میں ایک ایسا بجٹ پیش کیا گیا ہے جس سے عام آدمیوں کو راحت ملے گی۔ انہوں نے مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کا شے ئر کیپٹل 500 کروڑکر دئیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا اور اسے خوش آئندہ قراردیا۔

Maharashtra budget 2013-14

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں