کرناٹک اسمبلی کے انتخابات 5 مئی کو مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-21

کرناٹک اسمبلی کے انتخابات 5 مئی کو مقرر

کرناٹک میں انتخابات 5مئی کو ایک ہی مرحلہ میں منعقد ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن نے آج یہ اعلان کیا۔ چیف الیکشن کمشنری وی ایس سمپت نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایاکہ و وٹوں کی گنتی 8مئی کو کی جائے گی۔ انتخابات کی تواریخ کے اعلان کے ساتھ ہی کرناٹک میں فوری عمل درآمد کے ساتھ مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔ موجودہ 224 رکنی کرناٹک اسمبلی کی معیاد 3جون کوختم ہو جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایاکہ اعلامیہ 10اپریل کو جاری کیا جائے گا جبکہ پرچہ جات نامزدگی 17 اپریل تک داخل کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پرچوں کی جانچ 18 اپریل کو ہو گی اور 20اپریل تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں ۔ انتخاب کی تاریخوں کا اعلان مرکزی داخلہ سکریٹری آر کے سنگھ کے ساتھ میٹنگ کے بعد کیا گیا جس میں سکیورٹی دستوں کی دستیاب پربھی بات چیت کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر سمپت کے علاوہ الیکشن کمشنر ایچ ایس برہما اور ایس این اے زیدی نے بھی داخلہ سکریٹری اور دیگر حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔ کرناٹک میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے لیکن سابق چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا کے بی جے پی سے الگ ہو کر اپنی پارٹی بنانے کی وجہہ سے وہاں بی جے پی کی حالت خستہ ہو گئی ہے ۔ کرناٹک انتخابات سے متعلق آج الیکشن کمشنر نے باقاعدہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کانفرنس میں بہت زیادہ تفصیل بتائے بغیر نامہ نگاروں کے سوالوں پر صرف انتخابات سے متعلق اہم باتیں بتائیں ۔ انہوں نے خصوصاً اس بات پر زوردیا کہ اب جب کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے کرناٹک میں مثالی ضابطہ اخلاق بھی فوری طور سے نافذ کر دیا گیا ہے ۔ اس وقت کرناٹک کے چیف منسٹر جگدیش شٹر ہیں جو یدی یورپا کے ہٹنے کے بعد چیف منسٹر بنائے گئے ہیں ۔

Karnataka Assembly elections on 5-May

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں