اترپردیش کے مسلم انجینئر جلد رہا ہوں گے - ملائم سنگھ کا تیقن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-21

اترپردیش کے مسلم انجینئر جلد رہا ہوں گے - ملائم سنگھ کا تیقن

قومی سلامتی ایکٹ (این ایس آے ) کے تحت جیل بھیجے گئے بے گناہ مسلم نوجوان انجینئر خالد علی کی 4مہینے بعد بھی رہائی نہیں ہو سکی جبکہ اس کے ساتھ اسی الزام میں گرفتار ایک غیر مسلم شخص کو 2ہفتہ پہلے رہا کر دیا گیا ہے ۔ بے گناہ نوجوانوں کی رہائی کیلئے صدر جمعیۃ العلماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے دوسری مرتبہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگ یادو سے گذشتہ روز ملاقات کی اور انہیں اس بات کی اطلاع دی کہ آپ کے کہنے کے باوجود اب تک انجینئر خالد علی کو رہا نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ یکم جون 2012کو اترپردیش ضلع متھرا کے علاقہ کوسی کلاں میں فرقہ وارانہ فساد ہو گیا تھا جس میں 4مسلمان مارے گئے تھے ۔ کافی گھروں اور دکانوں کو نذر آتش کیا گیا تھا۔ اس فساد کے تقریباً5 مہینے بعد 7نومبر 2012کو اچانک یوپی پولیس نے خالد علی کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف تین معاملے درج کئے گئے جو بہت کمزور تھے جس میں انہیں ضمانت مل گئی لہذا اس نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت 10دسمبر 2012 کو این ایس اے کا مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ ملائم سنگھ سے ملاقات کے بعد انقلاب کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مولانا سید ارشد مدنی نے کہاکہ خالد علی کی رہائی کیلئے ہم نے دوسری مرتبہ ملائم سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں یہ بات یاد دلائی کہ انہوں نے اس نوجوانوں کو فوری طورپر رہا کرانے کا وعدہ کیا تھا لیکن 2ہفتہ کے بعد بھی اسے رہا نہیں کیا گیا۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ ہماری اس بات سے ملائم سنگھ چونک گئے ۔ انہوں نے اپنے بھائی پروفیسر رام گوپال سے کہاکہ وہ فوری طورپر ڈی ایم سے رابطہ کریں اور اس نوجوان کو رہا کرائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ملائم سنگھ سے کہاکہ خالد علی گذشتہ 15سال سے سعودی عرب میں نوکری کر رہا ہے وہ پیشہ سے انجینئر ہے وہ کسی بھی صورت میں فسادی نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہاکہ وہ سعودی سے کئی سال بعد اپنے بچوں سے ملنے کیلئے اپنے وطن آیا تھا، بدقسمتی سے وہاں فساد ہو گیا اور وہاں کے سارے ثبوت یہ بتاتے ہیں کہ یہ نوجوان موقع پر موجود نہیں تھا۔ اس کے باوجود اس پر این ایس اے لگا کر اسے جیل میں بند کر دیا گیا۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے کہاکہ ہماری اس بات سے ملائم سنگھ متاثر ہوئے اور انہوں نے اعتراف کیا کہ یقینا کوئی انجینئر فسادی ذہنیت کا نہیں ہو سکتا۔ مولانا ارشدمدنی نے کہاکہ ہمارے سامنے ملائم سنگھ نے کار روائی شروع کر دی تھی لہذا اب امید کی جا رہی ہے کہ وہ ایک دن میں خالد علی کو رہا کر دیا جائے گا۔

UP Muslim engineer Khalid Ali will be released soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں