امام بخاری نے سماج وادی پارٹی سے رشتہ ختم کر لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-16

امام بخاری نے سماج وادی پارٹی سے رشتہ ختم کر لیا

اترپردیش میں سماج وادی پارٹی کی سرکار کے ذریعہ اسمبلی الیکشن کے دوران مسلمانوں کے تعلق سے کئے گئے وعدے پورے نہ کرنے ، مسلمانوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں انصاف دلانے میں ناکام رہنے پر آج جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے سماج وادی پارٹی سے اپنے تعلقات پوری طرح منقطع کر لینے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کو بھیجے ایک مکتوب میں کہاکہ میں نہایت تکلیف کے ساتھ یہ خط لکھ رہا ہوں ۔ سماج وادی پارٹی کی سرکار کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے اور آپ کی سرکار کا رپورٹ کارڈ مسلمانوں کے تعلق سے نہایت مایوس کن، خراب اور افسوسناک رہا ہے ۔ ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے قبل آپ سے کئی بار بات چیت ہوئی اور میں نے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے تعلق سے جو بھی مطالبات آپ کے سامنے رکھے آپ نے ان سب کو تسلیم کیا اور اپنی حکومت بننے کی صورت میں ان سب پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ایک قدم بڑھاتے ہوئے مسلمانوں کو18فیصد ریزرویشن دینے کا بھی اعلان کر دیا تھا۔ امام بخاری نے آگے کہا ہے کہ ایک سال گزرنے کے بعد اس کی کارکر دگی کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آتی ہے کہ مسلمانوں کے تعلق سے جو جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا۔ اس کے برعکس ریاست میں مسلمانوں کی جان و مال اور آبرو کے تحفظ میں اترپردیش سرکار پوری طرح ناکام رہی۔ مرکزی وزارت داخلہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں ایک سال کے دوران 113 مقامات پر فرقہ وارانہ کشیدگی ہوئی۔ 13مقامات پر کرفیو لگایا گیا۔ بے قصور مسلمانوں کی جانیں لی گئیں ۔ ان کی املاک کو نذر آتش کیا گیا اور یہ سب کچھ شرپسندوں ، فسادیوں اور انتظامیہ کی ساز باز سے ہوتا رہا دوسری جانب اترپردیش سرکار خاموش تماشائی بنی رہی۔ اس لئے اب حالات کا تقاضا ہے کہ میں مسلمانوں کی جان و مال کی سلامتی، انصاف اور ان کے حقوق کے لئے آواز بلند کروں ۔

Shahi imam Bukhair ends relations with samajvadi party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں