قتل غارتگری اور بیگناہوں کی رہائی کیلئے حکومت سے جلد کارروائی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-24

قتل غارتگری اور بیگناہوں کی رہائی کیلئے حکومت سے جلد کارروائی کا مطالبہ

قتل و غارتگری اور بیگناہوں کی رہائی کیلئے حکومت سے جلد کارروائی کا مطالبہ
براک اوباما کے حالیہ بیان پر تنقید

شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج جمعہ کی نماز سے قبل مسلمانِ ہند سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اسوۂ حسنہ کی پیروی میں رغبت رکھیں اوراخلاق عالیہ کے ذریعہ برادرانِ وطن کے قلوب میں مقام پیدا کریں۔انہوںنے مرکزی حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ بے گناہوں کو جلد رہا کیاجائے آپ نے فرمایا یہ اہم مسئلہ ہے جو حقوقِ انسانی کے تحفظ اورانصاف سے تعلق رکھتاہے۔ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی سے بار بار مطالبہ کیا جارہاہے کہ سینکڑوں بے گناہ مسلمان جو جیلوں میں بند ہیں ان کے خلاف پختہ ثبوت بھی نہیں ہیں اور اُن کے مقدمات عدالتوں میں بھی پیش کرکے کاررو ائی بھی شروع نہیں کی گئی ایسے لوگوں کے بارے میں حکومت متعلقہ دفاتر کو احکام جاری کرے اور انہیں رہا کیا جائے یا کم از کم ضمانت پر رہا کردیاجائے۔ ہندوستان کی کئی سیاسی پارٹیاں جیسے سی پی آئی، سی پی ایم، ایل جے پی، جے ڈی یو، آرجے ڈی ، ایس پی اور ہندوستان کی نامور اسٹوڈنٹس تنظیمیں بھی اس مسئلہ میں حکومت کے سامنے بار بار اپنا مطالبہ رکھ چکی ہیں۔ معرف صحافی سیما مصطفی اورسماجی کارکن شبنم ہاشمی بھی اپنے اپنے طور پر اس حق کے لئے آواز اُٹھا رہے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے خاموشی افسوسناک ہے۔ ایک بار پھر وزیراعظم سے اپنے اس مطالبہ کو دہرایا کہ بے گناہوں کو جلد رہا کیاجائے۔ مزید انہوں نے کہا مسلمان اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں اورملک کی ترقی اور خوش حالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں انہیں شک وشبہ کی بنیاد پراورغلط سازشوں کے تحت ہراساں کیاجانا سیکولر بھارت پر ایک کلنک ہے۔ امریکہ کے صدربراک اوبامہ کے حالیہ بیان پر تنقید کی جس میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی ہمیشہ حمایت کرتارہے گا ۔ آپ نے فرمایا کہ فلسطینی رہنما اوراسرائیل کے درمیان مذاکرات ہموار ہونے چاہئیں اورفلسطینیوں کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہئے۔ اسرائیل مسلسل نوتعمیراتی پروگرام کے تحت فلسطینیوں کی آبادیوں پر قبضہ کررہاہے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہاہے اس کی حمایت یواین او کے متفقہ اصولوں کے خلاف ہے۔ شاہی امام صاحب نے برطانیہ کے اسکاٹ لینڈ میں ایبرڈین علاقہ میں ایک چرچ کے پادری کے اس اقدام کی تعریف کی جس میں انہوں نے اس علاقہ میں مسجد چھوٹی ہونے کی بناء پر چرچ کے احاطہ میں پنجوقتہ نمازوں کی ادائیگی کی اجازت دی۔ آپ نے فرمایا کہ مسلمانوں کو بھی ان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں