خودکش بمبار کی گرفتاری - دہلی پولیس کا جھوٹا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-24

خودکش بمبار کی گرفتاری - دہلی پولیس کا جھوٹا دعویٰ

دہلی میں ہولی سے قبل دہشت گردی پھیلانے کے الزام میں کل گرفتار کئے گئے کشمیری نوجوان سید لیاقت شاہ کے بارے میں پولیس خواہ کچھ بھی دعویٰ کررہی ہو، ایک الگ ہی تصویر میڈیا کے ذریعہ سامنے آرہی ہے۔ لیاقت کی دوسری اہلیہ 47 سالہ اختر النساء نے بتایاکہ لیاقت، جموں و کشمیر کی بازآبادکاری پالیسی کے تحت خودسپردگی کیلئے نیپال سے ہندوستانی علاقہ میں داخل ہواکہ اچانک اسے گرفتار کرلیا گیا۔ اختر النساء نے کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں دردپورہ موضع میں اپنے شوہر کے آبائی مکان پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا۔ ان کے ہمراہ اختر النساء کی 14سالہ گونگی و بہتری دختر جبینہ بھی موجود تھیں۔ لیاقت نے اختر سے پاکستان میں شادی کی تھی۔ اختر النساء نے میڈیا نمائندوں کو بتایاکہ وہ اپنے شوہر اور دختر کے ساتھ پاکستان سے نیپال پہونچیں۔ اس خاندان کے پاس پاکستانی پاسپورٹس موجود ہیں۔ لیاقت خودسپردگی کیلئے ہندوستان واپس ہوا تھا جب کہ ریاستی حکومت کی بازآبادکاری پالیسی کے تحت قومی دھارے میں شامل ہونے ان کی درخواست حکام کی جانب سے منظور کرلی گئی تھی۔ اختر نے بتایا "ہمیں نیپال۔ہند سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا، ہم سے شناخت پوچھی گئی، جس پر ہم نے بتایاکہ ہمارے پاس شناختی کارڈس نہیں ہیں بلکہ پاکستانی پاسپورٹس ہیں۔ انہوں نے ہماری ایک نہیں سنی اور لیاقت کو گرفتار کرلیا۔ ہم نے ان سے واضح طورپر کہاکہ لیاقت، بازآبادکاری پالیسی کے تحت حکام سے درخواست منظوری کے بعد واپس ہورہا ہے"۔ اختر النساء نے بتایاکہ لیاقت گرفتاری کے وقت دہلی پہونچا ہی نہیں تھا، تو دہلی کے اس کے روم سے اسلحہ برآمد ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اختر النساء ایک کشمیری خاتون ہے جو اپنی معذور دختر کے ساتھ 2005ء میں پاکستان چلی گئی تھیں۔

Liyakat Shah's wife accuses Delhi Police of enacting drama

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں