جیل سے رہائی کے بعد ڈی۔آر۔ڈی۔او سائنسداں اعجاز احمد کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-07

جیل سے رہائی کے بعد ڈی۔آر۔ڈی۔او سائنسداں اعجاز احمد کا بیان

دہشت گردی کے الزامات سے بری اور جیل سے رہا سائنسداں اعجاز احمد نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے اپنے جیل میں گذرے دنوں کو یاد کرتے ہوئے اپنے کرب کا اظہار کیا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ "ممکن ہے کہ مجھے اس لئے نشانہ بنایا گیا ہوکہ میں مسلمان ہوں "۔ تاہم اعجاز نے فوری وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بارے میں قطعی ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ ایک ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی سطح پر درپیش کئی اہم امور سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بھی دہشت گردی کے جھوٹے الزامات کے تحت کئی مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اعجاز نے کہاکہ پولیس نے ہمیں گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا تھا اور بعد میں جیل میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہ اغوا کنندہ افراد پولیس والے تھے ۔ جیل میں گذرت اپنے دنوں پر اُن کا کہنا تھا کہ انہیں بہت زیادہ ذہنی اور جسمانی اذیتیں دی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقاتی ایجنسیوں اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہمیں دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہاکہ تھا کہ تم لوگ پاکستان سے دہشت گردی کی تربیت لے کر آئے ہو۔ میں نے اس موقع پر ان عہدیداراوں سے کہاکہ آپ ہم تمام کی پیدائش سے لے کر اب تک کی زندگی کی تحقیقات کر لیں ۔ ہم لوگ بڑی مشکلات کے بعد تعلیم حاصل کرتے ہوئے اس منزل تک پہنچے تھے لیکن ہماری کسی بات کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ جب اُن سے یہ پوچھا گیا کہ آیا آپ پولیس یا حکومت سے کوئی معاوضہ کیلئے مقدمہ دائر کریں گے تو اعجاز نے کہاکہ وہ اس وقت سب سے پہلے اپنے تمام دوستوں اور بھائی کو ان بدنما داغوں سے باہر نکالنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ بہت جلد انہیں رہا بھی کر دیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے پولیس عہدیداروں سے درخواست بھی کہ وہ بغیر تحقیقات ایسے بدبختانہ اقدامات نہ کریں جس سے کہ نوجوانوں کی زندگی برباد ہورہی ہے ۔ اعجاز نے یہ بھی کہا کہ جیل میں محسوس کر چکے تھے کہ ان کی مدد کرنے والا کوئی نہیں ہے لیکن جب وہ آزاد ہو گئے تو پتہ چلا کہ بہت سے لوگ ان کی مدد کر رہے ہیں ۔ یہ پوچھے جانے پر آیا وہ ڈی آر ڈی او سے دوبارہ وابستہ ہونے کیلئے کوئی کوشش کریں گے تو اعجاز نے کہاکہ سائنسدان بننا اور ڈی آر ڈی او کیلئے کام کرنا اُن کا خواب تھا اور انہیں امید ہے کہ وہ دوبارہ اس ادارہ کیلئے اپنی خدمات انجام دیں گے ۔ آخر میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی تمام الزامات سے رہا کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں اعجازاحمد مرزا نے کہاکہ وہ اپنے ڈی آر ڈی او کی ملازمت پر بحال ہونا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے خلاف عائد کردہ تمام الزامات اب ختم ہو چکے ہیں ۔

drdo scientist ejaz ahmed mirza statement after release

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں