ٹاملوں کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں سخت قرارداد کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-21

ٹاملوں کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں سخت قرارداد کا امکان

مرکز میں برسر اقتدار یوپی اے حکومت کی تائید واپس لینے ڈی ایم کے ، کے فیصلہ سے پریشان حکومت نے آج کہاکہ وہ سری لنکا میں ٹاملوں کے قتل عام کے معاملہ میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں امریکہ کی طرف پیش کی جانے والی قرارداد کو سخت بنانے کیلئے ترمیم لائے گی۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں بھی ہندوستانی ٹاملوں کے جذبات کے مطابق ایک سخت قرارداد منظور کرنے سے اتفاق کیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ڈی ایم کے پارٹی کا ساتھ چھوڑنے کے بعد حکومت کی حالت پر اٹھ رہے سوالوں کو سرے سے خارج کر دیا اور دعویٰ کیا کہ اسے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہے ۔ وزیر فینانس پی چدمبرم، پارلیمانی امور کے کمال ناتھ اور اطلاعات و نشریات کے وزیر منیش تیواری نے آج صبح ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ چدمبرم نے کہاکہ حکومت سری لنکا کے ٹامل باشندوں کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔ وہ ہندوستان کے قریب ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان سری لنکا کو سخت پیام دینا چاہتا ہے ۔ وزیر فینانس نے ان میڈیا اطلاعات کی تردید کی جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی جنیوا میں ہونے والی میٹنگ میں ہفتہ کو پیش کی جانے والی امریکہ قرارداد کو نرم کرنے میں رول ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مسودے میں ترمیم لانا چاہتی ہے ۔ کمل ناتھ نے بھی کہا کہ ترمیم کی زبان کے بارے میں تبادلہ خیال ہورہا ہے ۔ سری لنکا کے خلاف ملک کی پارلیمنٹ میں سخت قرارداد پیش کئے جانے کے ڈی ایم کے ، کے مطالبہ کے بارے میں چدمبرم نے کہاکہ پارلیمنٹ میں بھی اس سلسلہ میں ایک قرارداد پیش کرنے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔

Chidambaram/Kamalnath - No threat to Government, UPA reiterates, says talking to parties over resolution on Sri Lankan Tamils issue

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں