مبینہ فرقہ وارانہ تقریر سننے کے محض الزام پر گرفتاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-07

مبینہ فرقہ وارانہ تقریر سننے کے محض الزام پر گرفتاری

نظام آباد پولیس نے اپنے نوعیت کے منفرد کیس میں بی جے پی کارکن کی شکایت پر کار روائی کرتے ہوئے ایک ایسے مسلم نوجوان کو گرفتارکر لیا جو اپنے سیل فون پر جناب اکبر اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی کی مبینہ تقریر سن رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق رنجل مستقر کا نوجوان شیخرشید اپنے موبائل فون سے قائد مقننہ مجلس کی مبینہ تقریر سن رہا تھا جس پر مقامی بی جے پی کارکن نوین گوڑنے پولیس میں اس نوجوان کے خلاف شکایت درج کروائی۔ سب انسپکٹر رنجل جہانگیر نے شیخ رشید کوگرفتار کرتے ہوئے ان کے سیل فون کی ضبطی عمل میں لائی اور مبینہ اشتعال انگیز تقریر کو سننے کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے ۔ واقعہ کی اطلاع پر جہاں مقامی مسلمانوں میں بے چینی کی کیفیت پائی گئی وہیں ضلع کے رنجل، بودھن، نظام آباد میں ابتدائی مجلس کی جانب سے کل رات ضلع ایس پی وکرم جیت دگل سے ملاقات کرتے ہوئے نوجوان کی رہائی پر زور دیا گیا۔ صدر ٹاون مجلس ایم اے فہیم، شریک معتمدین ماجد خان، معرزا معیز بیگ، ایم اے وحید، محمد شہباز، صدر مجلس بودھن عبدالسمیع، عبدالرحیم، صدر ابتدائی رنجل سید انور،سعید و دیگر نے ضلع ایس پی سے ملاقات کی اور سل فون پر تقریر کو سننے پر گرفتاری، مقدمات کے اندراج کے متعلق استفسار کیا۔ ضلع ایس پی نے وفد کو بتایاکہ مبینہ تقریر کو سننا، منتقل کرنا یا اس کی تشہیر کرنے پر پابندی عائد ہے جو کوئی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف قانونی کار روائی کی جائے گی۔ ضلع ایس پی کو وفد نے بتایا کہ یوٹیوب، فیس بک، نیوز چیانل پر اس تقریر کی نشریات کی جا رہی ہیں جس پر ضلع ایس پی نے کہاکہ جوان کے دائرہ اختیار میں ہو گا وہ اقدام کریں گے ۔ وفد کے دیگر طبقہ کے اشتعال انگیز نعروں پر کار روائی کے سوال پر ضلع ایس پی نے کہاکہ کسی بھی طبقہ کی اشتعال انگیز، نفرت انگیز کاروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بعدازاں شیخ رشید کو پولیس نے 10ہزار کے شخصی مچلکہ پر ضمانت پر رہا کیا۔

A man arrested for listening akbar owaisi speech on mobile

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں