اردو کو الکٹرانک میڈیا سے مکمل ربط برقرار رکھنا چاہیے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-13

اردو کو الکٹرانک میڈیا سے مکمل ربط برقرار رکھنا چاہیے

انسان کا شاید سب سے بڑا تخلیقی کارنامہ زبان ہے ۔ اس نے ہوا کی لہروں پر رقص کرنے والی آوازوں کو بامعنی بنایا اور کلمات کو خیالات اور اشیاء کی علامت کے طورپر استعمال کیا۔ اس حیرت انگیز کرشمے پر انسان جتنا فخر کرے کم ہے زبان ہمیں اپنی ہستی اور رشتہ کا احساس دلاتی ہے ۔ انسان کی ترقی کا راز بھی بہت کچھ زبان میں پوشیدہ ہے کیونکہ مسلم کی قوت کا سہارا زبان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر م ق سلیم صدر بزم فروغ اردو کے ایوان فنکار و بزم فروغ اردو آندھراپردیش کی جانب سے منعقدہ سمینار اردو ہے جس کے نام کے موقع پر افتتاحی کلمات میں کیا۔ اس سمینار کی صدارت پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی آندھراپردیش نے کی۔ ڈاکٹر شیخ سلیم لیکچر ر انوارالعلوم کالج نے اپنا مقالہ اردو میں تدریسی نصاب پیش کیا اور نصاب میں تبدیلیوں اور طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو مد نظر رکھ کر نصاب اس معیار سے مدون کرنا چاہئے ۔ ڈاکٹر فضل اﷲ مکرم لکچر ر اورینٹل اردو کالج نے اردو اور الیکٹرانک میڈیا سے متعلق کہاکہ اردو کو عصر حاضر میں الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ مکمل ربط و ضبط رکھنا چاہئے ۔ ڈاکٹر گل رعنا اسسٹنٹ پروفیسر تلنگانہ یونیورسٹی نے اردو ہے جس کا نام .... پر اپنا مبسوط مقالہ سنایا اور سرور ڈنڈا کے کئی اشعار سے ابتعداء کی۔ سمینار کے اختتام پر ڈاکٹر جاوید کمال موظف اسوسی ایٹ پروفیسر حسینی علم ڈگری کالج نے محمد جلیل پاشاہ چے ئرمین کل ہند تعلیمی کمیٹی کا مکمل تعارف پیش کیا۔ ریاستی سرکاری زبان کمیشن کی جانب سے حکومت آندھراپردیش نے انہیں جو اعزاز عطا کیا اس خوشی میں ایوان فنکار و بزم فروغ اردو کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی انہیں شال، پھول، مومنٹو، توصیف نامہ اور ٹوپی پیش کی گئی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محمد عبدالرحیم خان معتمد انجمن ترقی اردو آندھراپردیش، سید فاضل حسین پرویز نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اردو کا سچا بہی خواہ قراردیا اوران کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر جلسہ پروفیسر ایس اے شکور نے ان سے دیرینہ تعلقات کا ذکرکیا کہ وہ کس طرح اردو کی خدمت انجام دیتے ہیں ۔ بعدازاں مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ صدارت صلاح الدین نیر کی جس میں حیدرآباد کے نامور شعراء حسن فرخ، ڈاکٹر محسن جلگانوی، ڈاکٹر فاروق شکیل، رؤف خیر، مسرور عابدی، کامل حیدرآبادی، بصیر افضل، نانک سنگھ نشتر، سعد اﷲ خان سبیل اور سلیم ساحل نے اپنے کلام سے نوازا۔ ناظم سمینار ڈاکٹر م ق سلیم، ناظم تہنیت ڈاکٹر جاوید کمال، ناظم مشاعرہ محبوب خان اصغر تھے ۔ تمام مہمانوں اور مقالہ نگاروں و شعراء کی ایوان فنکار و بزم فروغ اردو آندھراپردیش کی جانب سے شال پوشی و گلپوشی کی گئی اور اعزازی سند بھی عطا کی گئی۔

Urdu must be linked with electronic media - Seminar by Bazm-e-farogh-e-Urdu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں