مسئلہ تلنگانہ پر لوک سبھا کاروائی میں خلل اندازی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-19

مسئلہ تلنگانہ پر لوک سبھا کاروائی میں خلل اندازی

مسئلہ تلنگانہ پر کچھ دیر کیلئے آج لوک سبھا کی کار روائی ملتوی رہی جب کہ ٹی آرایس کے 2ارکان نے اس معاملہ کو اٹھانے کیلئے مناسب وقف فراہم نہ کرنے پر ایوان سے واک آوٹ کیا۔ جوں ہی اجلاس کا آغاز ہوا ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ اور وجئے شانتی علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی تائید میں نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ اسپیکر میرا کمار نے وقفہ سوالات کا آغاز کیا تاہم 15منٹ کیلئے ایوان کی کار روائی ملتوی کی گئی۔ انہوں نے ٹی آرایس ارکان کو اپنے چیمبر آنے کیلئے کہا۔ اجلاس کے دوبارہ آغاز پر ٹی آرایس ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ یہ صورتحال کچھ دیر جاری رہی جس پر اسپیکر نے راؤ کو اس معاملہ کو کچھ دیر کیلئے اٹھانے کی اجازت دی۔ بی جے پی کے سینئر قائد ایل کے اڈوانی نے بتایاکہ اسپیکر ایک مثال قائم کر رہے ہیں ۔ اسپیکر نے بتایاکہ وہ استثنائی اقدام روبہ عمل لا رہے ہیں کیونکہ اس معاملہ میں ایک خاتون ملوث ہے اور ایک رکن کی صحت بھی خراب ہے لہذا اس کار روائی کو مثال نہیں قرار دیا جانا چاہئے ۔ دیگر متعدد ارکان کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ اس معاملہ کو وقفہ سوالات میں اٹھانا چاہئے ۔ راؤ کے نشست پر بیٹھ جانے کے ساتھ ہی میرا کمار نے بتایاکہ مخصوص نوعیت کا اعتراض کیا جا رہا ہے لہذا بہتر ہو گا اگر آپ اس معاملہ کو وقفہ صفر کے دوران اٹھائیں ۔ آپ کو صرف 30 سکنڈ میں جوکچھ کہنا ہے اس کا اظہار کرنا ہو گا۔ راؤ نے بتایاکہ حکومت نے انہیں 3سال قبل ایوان میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا تیقن دیا تھا لیکن اس وقت تک کوئی کار روائی نہیں کی گئی ہے ۔ اسپیکر نے بتایاکہ انہوں نے اس مسئلہ کو اٹھایا ہے اور وقفہ صفر کے دوران وقت دیا جائے گا۔ انہوں نے وقفہ سوالات کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔ بعدازاں کے سی آر اور وجئے شانتی نے ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔ 11:20بجے اولین مختصر التوا کے بعد دوبارہ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ارکان ایوان کے وسط میں نعرہ بازی کرتے ہوئے دوبارہ پہنچ گئے ۔ وہ ہم تلنگانہ چاہتے ہیں اور جئے تلنگانہ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔ اسپیکر میرا کمار نے بتایاکہ وہ ان سے کچھ کہنا چاہتی ہیں لہذا وہ خاموش رہیں جس پر ارکان دوبارہ اپنی نشستوں کو لوٹ گئے ۔

Uproar in Lok Sabha over Telangana issue, TRS MPs walk out

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں