ضلع دھرمپوری - گرمی و دھوپ کی تمازت میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-06

ضلع دھرمپوری - گرمی و دھوپ کی تمازت میں اضافہ

ضلع دھرمپوری - گرمی و دھوپ کی تمازت میں اضافہ
سڑکیں سنسان، پینے کی پانی کی قلت

دھرمپوری میں موسم گرما سے قبل ہی دھوپ کی تمازت میں اضافہ کے سبب دن کے اوقات میں سڑکین سنسان اور رات میں بجلی کٹوتی اور گرمی کی شدت کی وجہ سے عوام الناس پریشان حال ہیں۔ دھرمپوری گرم علاقہ ما نا جاتا ہے۔ ہر سال موسم گرما میں دھوپ کی تمازت اور سر ما میں شبنم اور ٹھنڈک کی زیادتی ہو تی ہے۔ ڈسمبر سے فروری کے پہلے ہفتہ تک علی الصبح شبنم اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں۔ فی الوقت شبنمی ہواؤں میں کمی کے باوجود صبح چار بجے تا سات تک ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ مگر گذشتہ پندرہ دنوں سے موسم گر ما کے آمد سے قبل ہی دھوپ کی شدت اورگرمی کی لپیٹ میں اضافہ نظر آ رہا ہے۔ بالخصوص ایک ہفتہ سے گرمی کی شدت میں بے انتہا اضافہ دیکھا گیا ۔ سال گذشتہ حسب معمول شمال مشرقی برساتیں ہو ئیں۔ مگر اس سال برسات میں چھ فیصد کی کمی واقع ہو نے کی وجہ سے دھوپ کی تمازت اور گرما سے شہر دھرمپوری اور اطراف واکناف کے قریے ، دیہاتوں میں پینے کی پانی کی قلت میں روز بروز اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ شہر دھرمپوری کیلئے پالکوڈ تعلق، پنج پلّی ڈیم سے پانی کی سر براہی کی جاتی ہے۔ مگر فی الوقت ڈیم میں بھی صرف دو فیٹ پانی اور اس میں بھی ایک فیٹ مٹی کیچڑہو نے کی وجہ سے اگلے دنوں میں دھرمپوری کیلئے پا نی کی سر براہی کا مسئلہ انتہائی سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔ اہلیاں دھرمپوری پانی کی قلت سے دو چار پینے اور دیگر تمام ضروریات کیلئے دام دیکر پا نی خریدنے پر مجبور ہو جائینگے ۔ پانی سر برائی مسئلہ کو آسان کرنے کیلئے دھرمپوری میونسپالٹی نے پنج پلّی ڈیم میں چھ بور ویل نصب کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مگر یہ اسکیم کتنا کامیاب ہو گا، بور لگا نے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ گذشتہ دس دنوں قبل موسمی بارش ہو نے کے باوجود ضلع دھرمپوری میں پنّگرم، پالکوڈ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں بارش نہیں ، تیز دھوپ اور گرمی کی وجہ سے ز یر زمین آب کی سطح میں مسلسل گراوٹ کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ شہری علاقوں میں دوسو اور تین سو فیٹ بور ڈالنے کے بعد ہی پانی ملتا ہے ۔ دھوپ کی تمازت اور گرمی کی شدت سے دن کے اوقات میں سڑکیں سنسان اور رات میں ایک ایک گھنٹے کے وقفہ سے بجلی چلے جانے سے، اہلیان دھرمپوری دن کے چین اور رات کے سکوں دو نوں سے محروم ہیں ۔ لگتا ہے کہ اگلے دنوں میں مزید گرمی اور دھوپ کی تمازت سے نا قابل برداشت سوکھے سے دو چار ہو نا پڑیگا۔


Summer's heat at peak in dharmapuri, tamilnadu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں