سری لنکا علما تنظیم - حلال سرٹیفیکٹس کے اجرا سے دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-12

سری لنکا علما تنظیم - حلال سرٹیفیکٹس کے اجرا سے دستبردار

سری لنکا کے ایک مسلم گروپ نے جو مختلف تجارتوں کے سلسلہ میں "حلال سے متعلق سرٹیفکیٹس" جاری کرتا رہا ہے ، سخت گیر بدھسٹ اکثریتی گروپوں کی جانب سے سخت مخالفت کے پیش نظر اب اس نوعیت کے سرٹیفکٹ جاری کرنے سے دستبرداری اختیار کر لی ہے ۔ سری لنکا کے علماء کی اصل تنظیم"آل سیلون جمعیۃ العلمائ" نے کہاکہ حلال سے متعلق صداقت نامے اب اسلامی ممالک کو بھیجی جانے والی برآمدی اشیاء تک محدود رہیں گے ۔ تنظیم کے مفتی رضوی نے بتایاکہ "جو بات مسلمانوں کیلئے بڑی اہمیت کی حامل ہے ہم اس سے دستبردار ہوتے ہیں "۔ ہم امن اور نسلی ہم آہنگی کے مفاد میں ایک قربانی دے رہے ہیں "۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہو گا کہ بدھسٹوں کی انتہا پسند تنظیم بوڈو بالا سینا (بدھسٹ فورس) حلال سے متعلق صداقت ناموں کے خاتمہ پر جبر کرنے کیلئے ایک احتجاجی مہم چلا رہی تھی۔ اُسے اصل اعتراض اس بات پر تھا کہ غیر مسلموں کو حلال سرٹیفکیٹ کے تحت فروخت کردہ اشیاء کو استعمال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ مفتی رضوی نے کہاکہ سوپر مارکٹ میں اب اشیائے صارفین پر حلال سرٹیفکٹ نہیں رہیں گے ۔ بوڈو بالا سینا کی مہم پر فوری ردعمل کے طورپر آل سیلون جمعیۃ العلماء نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ حلال اشیائ، صرف مسلمانوں کو ہی پیش کی جائیں گی۔ لنکا کے تجارتی چیمبر سیلون چیمبر آف کامرس نے کہا تھا کہ ایک ہی شئے سے حلال اور غیرحلال اشیاء کا حاصل کرنا ناقابل عمل ہے ۔ ایک اورتنقید کا جواب دیتے ہوئے تنظیم سے وابستہ علماء نے کہا ہے کہ اب سے اُن لوگوں کیلئے جو برآمدی آرڈرس کی تکمیل کرتے ہیں انہیں سرٹیفکٹس کسی بھی فیس کے بغیر جاری کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں بعض گوشوں سے تنقید کی گئی تھی کہ آل سیلون جمعیۃ العلماء حلال سے متعلق صداقت نامے جاری کرتے ہوئے پیسے بنا رہی ہے ۔ سنہالی اکثریت اور 9فیصد مسلم اقلیت کے درمیان مسئلہ پر نسل کشیدگی کو محسوس کرتے ہوئے صدر سری لنکا مہندرا راجہ پکسے نے ایک خصوصی وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ وہ اس مسئلہ کو پوری طرح حل کرنے کی سفارش کرے ۔

Sri Lanka Muslim clerics' organization decides to remove Halal logo from local products

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں