قومی شاہراہ 7 پر تلنگانہ حامیوں کا سڑک بند احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-22

قومی شاہراہ 7 پر تلنگانہ حامیوں کا سڑک بند احتجاج

آندھراپردیش میں علاقہ تلنگانہ کی 7 ریاستوں کو مربوط کرنے والی حیدرآباد۔کرنول قومی شاہراہ (این ایچ 7) پر ٹریفک کی آمدورفت آج مسدود رہی، جبکہ تلنگانہ احتجاجیوں نے علیحدہ ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑک بند کے حصہ کے طورپر قومی شاہراہ کو مسدود کردیا تھا۔ بنگلور۔ حیدرآباد قومی شاہراہ کے کئی مقامات پر سینکڑوں گاڑیاں غیر متحرک ہوگئیں جبکہ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی) نے تلنگانہ تحریک میں شدا پیدا کرتے ہوئے 12گھنٹے طویل سڑک بند کا آغاز کیا۔ جسے ٹی آرایس، بی جے پی اور سی پی آئی کی تائید رہی۔ بند کا مقصد علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کیلئے مرکز پر دباؤ ڈالنا تھا۔ پولیس نے پروفیسر کودنڈارام اور ٹی آر ایس رکن اسمبلی اٹلا راجندر کو عالم پور کے قریب ٹول پلازہ میں جے اے سی کے سینکڑوں قائدین کے ہمراہ گرفتار کرلیا جبکہ وہ بنگلور سے آنے والی گاڑیوں کو روکنے کیلئے قومی شاہراہ پر دھرنا دے رہے تھے۔ ان قائدین کی گرفتاری کے فوری بعد ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے صحافتی بیان میں ٹی جے اے سی اور ٹی آرایس قائدین کی غیر جمہوری گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ محکمہ پولیس نے سینکڑوں پولیس ملازمین کو تعینات کیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کی جاسکے۔ پولیس ملازمین کو مختلف اہم مقامات پر تعینات کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کردیا گیا۔ شمس آباد جہاں انٹرنیشنل ایرپورٹ واقع ہے 1200 سکیورٹی ملازمین کو تعینات کیاگیا۔ بند کی اپیل سے سرکاری اے پی ایس آر ٹی سی خدمات متاثر رہیں۔ کارپوریشن کو رائلسیما اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے درمیان مسافرین کی حمل و نقل کیلئے متبادل راستے اختیار کرنے پڑے۔ امکان ہے کہ بند آج 7بجے تک جاری رہے گا۔ دریں اثناء ریاستی اسمبلی کی سرگرمیاں بھی سڑک بند سے متاثر رہیں۔

Road close protest by telangana supporters

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں