مولانا رابع ندوی - مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-24

مولانا رابع ندوی - مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر منتخب

قومی وبین الاقوامی شہرت یافتہ عالم دین مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کو توقعات کے مطابق ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر کی حیثیت سے ایک اور معیاد کیلئے اتفاق رائے سے منتخب کرلیا گیا۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے 23ویں اجلاس عام میں ہفتہ کو انہیں ایک اور معیاد کیلئے صدر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا۔ وہ مولانامجاہد الاسلام قاسمی کے انتقال کے بعد 2002ء سے مسلسل مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر ہیں۔ یہ اجلاس عام مدھیہ پردیش کے تاریخی شہر اجین کے مضافات میں واقع جامعہ عربیہ سراج العلوم میں ہورہا ہے۔ مشہور دینی درسگاہ ندوۃ العلماء کے مہتمم مولانا رابع ندوی کا سب سے پہلے اپریل 2002ء میں صدر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا تھا۔ مولانا رابع ندوی نے اپنے انتخاب کے بعد اپنی ٹیم کا انتخاب کیا جس میں انہوں نے اپنے پرانے پیانل کو نامزد کیا جس میں جنرل سکریٹری کی حیثیت سے مولانا سید نظام الدین، اسسٹنٹ جنرل سکریٹری کی حیثیت سے جناب عبدالرحیم قریشی، سکریٹری کی حیثیت سے مولانا سید ولی رحمانی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 40 رکنی عاملہ کو بھی اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا جس میں 3سال کی معیاد مکمل کرنے والے تمام ارکان کو دوبارہ منتخب کیاگیا۔ گذشتہ 3برسوں میں انتقال کرجانے والے ارکان کی جبہ بعض نئے ارکان کو شامل کیاگیا۔ بعدازاں مولانا رابع ندوی مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اگزیکٹیو کمیٹی کے 100ارکان کو نامزد کریں گے جس کے ساتھ ارکان عاملہ کی تعداد 50 ہوجائے گی۔ مولانا رابع ندوی یکم اکتوبر 1929ء کو رائے بریلی میں جناب سید رشید احمد حسنی اور محترمہ امۃ العزیزکے گھر پیدا ہوئے۔ محترمہ امۃ العزیز ، مولانا سید ابوالحسن ندوی عرف علی میاں ندوی کی بہن تھیں۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کا 3 روزہ اجلاس عام جمعہ کو شروع ہوا تھا۔ اتوار کو ایک جلسہ عام کے ساتھ یہ اجلاس ختم ہوگا۔ مجلس عاملہ کے انتخاب کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ پہلی مرتبہ مدھیہ پردیش کو نمائندگی دی گئی اور کانگریس لیڈر عارف مسعود کو منتخب کیاگیا۔ اس دوران 102 اساسی اراکین میں 8 ارکان کو اتفاق رائے سے منتخب کیاگیا جن میں دیوبند کے مولانا عبدالقاسم، چینائی کے رفیق احمد اوراترپردیش کے حبیب بندگی شامل ہیں۔ انہیں ان ارکان کی جگہ شامل کیاگیا جن کا انتقال ہوا ہے۔ میقامی زمرے کیلئے 6 ارکان کو منتخب کیاگیا جن میں ندوۃ العلماء کے مولانا سعید الرحمن اعظمی، آندھراپردیش کے پیرزادہ شیخ، حیدرآباد کے متین قادری، مہاراشٹرا کے ظہیر قاضی، اجین کے حافظ و قاری محمد تقی اور اندور کے پروفیسر حلیم خان شامل ہیں۔

Rabey Hasni Nadvi re-elected Muslim Personal Law Board president

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں