سرینگر حملہ - پاکستان نے الزام مسترد کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-14

سرینگر حملہ - پاکستان نے الزام مسترد کر دیا

پاکستان نے آج ہندوستان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ سرینگر میں دہشت گردوں کے حملے پاکستانی عسکریت پسندوں ملوث ہیں جس میں نیم فوجی دستے کے 5ارکان ہلاک ہوئے ۔ پاکستان نے کہاکہ ایسے ردعمل سے عوامی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششیں متاثر ہوتی ہیں ۔ معتمد داخلہ آر کے سنگھ کے اس تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بادی النظر میں ایسامعلوم ہوتا ہے کہ سی آر پی ایف کے ارکان پر حملہ کرنیوالے عسکریت پسند سرحد پار سے آئے تھے اور وہ پاکستانی ہو سکتے ہیں ۔ دفترخارجہ نے کہاکہ وہ ان ریمارک کو پوری شدت سے مسترد کرتا ہے ۔ دفترخارجہ کے ترجمان معظم خان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان راجیہ سبھا میں وزیر دفاع اے کے انٹونی کے اس بیان کو بھی مسترد کرتا ہے جس میں پاکستانی فوج کے اسپیشل سرویس گروپ پر 8 جنوری کو لائن آف کنٹرول پر 2ہندوستانی سپاہیوں کا سرقلم کرنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمارا احساس ہے کہ ہندوستانی حکومت کے سینئر عہدیداروں کی جانب سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور شدید ردعمل کے اظہار کا رجحان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے فریقین کی کوشش کو دھکا پہونچا سکتا ہے ۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس لعنت کے خلاف کوششوں میں بے پناہ تعاون دیا ہے ۔ اسلام آباد دہشت گردی کی ایسی کاروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور حکومت ہند سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے الزامات لگانے سے پہلے واقعہ کی جامع تحقیقات کرائی جائے کیونکہ ایسے الزامات سے الٹا اثر ہو سکتا ہے اور اس سے کوئی مقصد حاصل نہیں ہو گا۔

Pakistan rejects Indian accusations on Srinagar attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں