ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو قطعیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-02

ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو قطعیت

امریکی تحدیدات کی دھمکی سے غیر متاثر پاکستان اور ایران 7.5 ملین ڈالر لاگت کے گیس پائپ لائن پر 11 مارچ سے کام شروع کریں گے ۔ پاک۔ ایران سرحد پر دونوں ملکوں کے صدور اس پراجکٹ کا افتتاح کریں گے ۔ امریکہ کی طرف سے کھل کر مخالفت کے باوجود پاکستان اور ایران نے مجوزہ گیس پائپ لائن کے منصوبے کو جاری رکھنے کا عزم کیا ہے ۔ اس ضمن میں پاکستانی صدر ایران کا اہم دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ۔ اپنے دورہ ایران کے دوران صدر زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب محمود احمدی نژاد کے علاوہ ایران کے روحانی پیشوا آیت اﷲ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں پاک۔ ایران گیس پائپ لائن کے مجوزہ منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے بات چیت کی گئی۔ اس دوران امریکہ محکمہ دفاع نے بھی واضح کیا ہے کہ ایسی سرگرمیوں سے گریز کیا جائے جو پابندیوں کی زد میں آ سکتی ہیں ۔ امریکی محکمہ دفاع کے اس بیان پر ردعمل میں پاکستانی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور وہ اس کے حل کیلئے ہر ملک کا دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا "یہ مختصر مدت اور کم لاگت میں مکمل ہونے والا منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ ہمارا پچھلی کئی دہائیوں سے زیر بحث تھا یہ کل شروع نہیں ہوا۔ ہم پابندیوں سے بھی واقف ہیں اور ہمیں اس کا علم ہے لیکن ہمیں پاکستان کی مقامی ضرورتوں کو بھی پورا کرنا ہے ۔ ہم کسی ملک کے خلاف نہیں یا ہم کسی ملک کی حمایت نہیں کر رہے ہیں ۔ ہم پاکستان کی حمایت اور ضرورت کیلئے یہ کر رہے ہیں ۔ ہمیں توقع ہے کہ امریکیوں کو قائل کر لیں گے کہ وہ اس طرف نہ جائیں "۔ پاک۔ ایران مجوزہ گیس پائپ لائن منصوبے کے تحت پاکستان 750 ملین معکب کیوبک فٹ یومیہ گیس ایران سے برآمد کرے گا۔ 1931کلو میٹر طویل اس گیس پائپ لائن کی تکمیل پر 1.5ارب ڈالر لاگت آئے گی اور اس کے ذریعہ 31دسمبر 2014 سے گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔

Pakistan, Iran agree to vigorously pursue gas pipeline

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں