قائد مجلس کے خلاف مختلف مقدمات کی یکجائی سے متعلق درخواست پر بحث - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-06

قائد مجلس کے خلاف مختلف مقدمات کی یکجائی سے متعلق درخواست پر بحث

آندھراپردیش ہائی کورٹ میں آج مجلس اتحاد المسلمین کے قائد مقننہ جناب اکبر الدین اویسی کی تقریر کے خلاف ریاست کے مختلف مقامات پر درج کئے گئے مقدمات کو یکجا کرنے سے متعلق داخل کی گئی رٹ درخواست پر ایک گھنٹہ طویل بحث ہوئی۔ عدالت عالیہ کی واحد رکنی بنچ جسٹس رمیش رنگناتھ کے اجلاس پر قائد مجلس کے وکیل نرنجن ریڈی نے بحث کے دوران یہ دلیل پیش کی کہ فوجداری قانون کی دفعات 178 اور 179 ی رو سے پتہ چلتا ہے کہ جس علاقہ میں جرم کیا جاتا ہے وہ علاقہ جس پولیس اسٹیشن کے حدود میں شامل ہے وہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئے اور جائے واقعہ جس عدالت کے حدود میں آتا ہے اس کی سماعت بھی وہیں کی جاتی ہے لیکن اکبر الدین اویسی نے 8دسمبر کو نظام آباد میں جو تقریر کی اس کے تقریباً 3ہفتوں بعد مختلف مقامات پر ایک کے بعد ایک شکایتیں کی گئیں جس کے بعد مقدمات درج کئے گئے ۔ نظام آباد پولیس نے بھی 2!جنوری کو از خود مقدمہ درج کیا۔ نرنجن ریڈی نے یہ استدلال پیش کیا کہ اگر ایک تقریر جس پر اعتراض کیا جا رہا ہے اس پر 6مختلف جگہوں پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں اور 6 مختلف جگہوں پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں اور 6جگہوں کی پولیس اس کی الگ الگ طریقہ سے تحقیقات کرتی ہے تو پھر قانون کے نفاذ میں بھی دشواریاں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ ملزم کیلے بھی عملی طورپر یہ ناممکن ہو گا کہ وہ بیک وقت عدلیہ اور پولیس سے تعاون کر سکے ۔ اسی طرح شواہد اور گواہان پر بھی اثر پڑسکتا ہے ۔ استغاثہ کیلئے بھی اس میں کئی دشواریاں ہوتی ہیں ۔ نرنجن ریڈی نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے مختلف مقدمات اور فیصلوں کی روشنی میں یہ بتایا کہ ایک ہی واقعہ پر ایک سے زائد جگہوں پر مقدمے درج کرنا اور ایک سے زائد عدالتوں میں اس پر بحث کرنا لاحاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ قانون کی رو کے مغائر ہے ۔ عدالت نے دریافت کیا کہ پھر کونسا مقدمہ ختم کرتے ہوئے کونسامقدمہ باقی رکھا جانا چاہئے ؟ تو قائد مجلس کے وکیل نے بتایاکہ عام طورپر واقعہ یا جرم جہاں پیش آتا ہے اس کے حدود میں جو مقدمہ درج کیا جاتا ہے وہ قانونی طورپر درست اور مناسب ہے ۔ ایک گھنٹہ طویل بحث کے بعدعدالت نے مقدمہ کی سماعت کو چہارشنبہ 6مارچ تک ملتوی کر دیا۔ چہارشنبہ کے دن بھی قائد مجلس کے وکیل اس پر بحث کریں گے ۔ جب کہ مخالف وکیل ایس رام اور بی جے پی کے ترجمان رامچندر راؤ جمعرات اور جمعہ کو جوابی بحث میں حصہ لیں گے ۔ عدالت میں آج سماعت کے دوران نرنجن ریڈی کے ہمراہ محمد اسماعیل ایڈوکیٹ اور دوسرے تھے ۔

Akbaruddin Owaisi hate speech - various cases to be combined

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں