قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا اجلاس - کارکردگی جائزہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-23

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا اجلاس - کارکردگی جائزہ

شاستری بھون میں آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کی مجلس عاملہ کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ کی صدارت مرکزی وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل جتن پرساد نے کی۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر موصوف کی صدارت میں این سی پی یو ایل کی یہ پہلی میٹنگ تھی۔ این سی پی یو ایل کی مجلس عاملہ کی اس میٹنگ میں اردو زبان کی ہمہ جہت ترقی اور کونسل کی کارکردگی پر سنجیدگی سے غور و خوص کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جتن پرساد نے کہاکہ مرکزی حکومت اردو زبان کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور قومی اردو کونسل کی کارکردگی اس کوشش کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کمپیوٹر ٹکنالوجی کا دورہے اور کونسل اس سمت میں بھی کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں عصری تقاضوں کو ملحوظ رکھا جائے گا۔ اردو زبان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں ین کہاکہ اردو بے حد خوبصورت زبان ہے۔ اردو زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج اس خوبصورت زبان کا چلن کم ہورہا ہے لہذا اس زبان کی آبیاری کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کونسل کی یہ 20ویں میٹنگ تھی۔ میٹنگ میں سابق مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل کپل سبل کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ کونسل کے دیگر اراکین و خود وزیر موصوف نے بھی ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس موقع پر کونسل کے وائس چیئرمین پروفیسر وسیم بریلوی نے یہ تجویزپیش کی کہ حضرت امیر خسرو کے یوم پیدائش کے موقع پر یوم اردو منایاجائے۔ میٹنگ میں کونسل کے ملازمین کے مسائل خصوصاً پنشن سے متعلق معاملات کو بھی زیر بحث لایاگیا اور کونسل کے بجٹ کے اضافے پر بھی گفتگو کی گئی ۔ قومی اردو کونسل اور اردو اخبارات کے رشتوں کو مضبوطی فراہم کرنے سے متعلق تجویز پر بھی وزیر موصوف نے غور و خوص کیا۔

NCPUL meeting at shastri bhavan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں