قومی اردو کونسل - تاریخ ادب اردو اور انسائیکلوپیڈیا پینل کا اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-27

قومی اردو کونسل - تاریخ ادب اردو اور انسائیکلوپیڈیا پینل کا اجلاس

قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون میں تاریخ ادب اردو اور انسائیکلو پیڈیا پینل کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ پروفیسر شمس الرحمن فاروقی کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ کا مقصد تاریخ ادب اردو پینل کے تحت منظور شدہ تجاویز اور پروجکٹوں کی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔ اس خاص موقع پر کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے یہ اعلان کیا کہ جدید تقاضوں کے پیش نظر، قومی اردو کونسل کی مطبوعہ اردو انسائیکلو پیڈیا ویکی پیڈیا پر اپلوڈ کرائی جارہی ہے اور جلد ہی یہ ساری دنیا کے سامنے ہوگی۔ اس کام سے نہ صرف اردو داں طبقہ بلکہ جو اردو سے نابلد ہیں ان کیلئے بھی ترسیل کے اس آساں طریقے سے اردو الفاظ کے ذخیرے تک رسائی حاصل ہوسکے گی۔ ساتھ ہی اردو انسائیکلو پیڈیا کی ازسر نو تیاری کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ میٹنگ میں موجود اراکین کی رضا مندی سے یہ طئے پایا کہ موجودہ نصابی ضرورتوں کے تحت اردو زبان و ادب کی اہم شخصیتوں پر مونو گراف منظر عام پر آنے چاہئیں۔ اس سلسلے میں ایک خاکہ بھی تیار کیاگیا۔ پروفیسر شمس الرحمن فاروقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ ادب اردو کے سلسلے میں کونسل ایک لمبے عرصے سے کام کررہی ہے۔ تاریخ ادب اردو کو زمانہ حال تک لایا جانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ جس کے نتیجے میں اس کی کئی جلدیں شائع ہوچکی ہیں اور 7,8,9 پر کام چل رہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ وہ بھی اس سال شائع ہوجائیں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ کسی بھی پروجیکٹ کی مدت 3 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے اور ہر 6مہینے میں پروجکٹ کی ششماہی پروگریس رپورٹ کونسل میں جمع کروانی ہوگی۔ مستقل 2 رپورٹ نہیں ملنے کی صورت میں اس پروجکٹ کو مسترد کردیا جائے گا۔ سبھی پروجکٹ میں معاون نہیں دئیے جائیں گے۔ آج کی میٹنگ میں علاقائی ادب کی تاریخ و تدوین کو بھی منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں ایک اہم فیصلے کے تحت اقبال اکیڈیمی لاہور کی تصانیف کو کونسل کے ذریعے شائع کرنے کو بھی منظوری دی گئی۔ اقبال اکیڈیمی لاہور سے اس سلسلے میں اجازت اور منظوری پہلے ہی مل چکی ہے۔ آج کی اس میٹنگ میں پروفیسر عبدالحق، پروفیسر سید سجاد حسین، پروفیسر محمد زاہد، پروفیسر احمد سجاد، پروفیسر عتیق اﷲ، پروفیسر ارتضیٰ کریم، پروفیسر صاحب علی اور قومی اردو کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر( اکیڈمک) محترمہ شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اجمل سعید، معید رشیدی اور محترمہ آبگینہ عارف نے بھی شرکت کی۔

NCPUL - encyclopedia panel meeting at new delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں