کشمیر - سابق عسکریت پسندوں کے ارکان خاندان کا احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-27

کشمیر - سابق عسکریت پسندوں کے ارکان خاندان کا احتجاج

سرکاری باز آبادکاری پالیسی کے تحت پاک مقبوضہ کشمیر سے لوٹنے والے سابق عسکریت پسندوں کے ارکان خاندان نے یہاں آج احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسی طرح فوری بازآبادکاری کی جائے۔ جس طرح پنجاب اور شمالی مشرقی ریاستوں میں سابق جنگجوؤں کی بازآبادکاری کی گئی۔ سابق عسکریت پسند سیف اﷲ فاروق نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم بھی انسان ہیں اور ہمیں آزادی کے ساتھ زندگی گذارنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ ہمیں کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ ہمیں شناختی کارڈ مہیا نہیں کئے جارہے ہیں اور ہمارے بچوں کو اسکولوں میں داخلہ نہیں دیا جارہا ہے۔ سابق عسکریت پسندوں نے جموں و کشمیر ہیومن ویلفیر اسوسی ایشن کے پرچم تلے مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ان کے مصائب دور کرنے کیلئے ریاستی حکومت کچھ نہیں کررہی ہے۔ یہاں ہمیں کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ دہلی پولیس کی جانب سے لیاقت علی شاہ کی گرفتاری کے بعد یہ احتجاج سامنے آیا۔ دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ حزب المجاہدین کا دہشت گرد ہے مگر جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ نے باز آبادکاری پالیسی کے تحت خود سپردگی اختیار کی اور وہ کشمیر کی سمت رواں تھا۔ سیف اﷲ فاروق نے کہاکہ ریاستی حکومت کو پہلے ان عسکریت پسندوں کی باز آبادکاری کرنی چاہئے جو کشمیر میں موجود ہیں۔ جس کے بعد سرحد پار سے دیگر سے واپس ہونے کے لئے کہنا چاہئے۔ یہاں پہلے ہی سے لگ بھگ 27 ہزار سابق عسکریت پسند موجود ہیں مگر ہمیں یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے۔ سیف اﷲ فاروق نے مزید کہاکہ مخصوص حالات میں عسکریت پسندوں نے ہتھیار اٹھائے اور ہتھیار ترک کرنے کے بعد انہیں بامعنی زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے۔ چند احتجاجیوں نے کہاکہ ان کے مسائل دورکرنے کیلئے اگر حکومت نے کچھ نہیں کیا تو وہ زندگیوں کا خاتمہ کرلیں گے۔ ایک سابق عسکریت پسند کی اہلیہ شبو فیاض نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں شناختی کارڈس، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات فراہم نہیں کئے گئے ہم اور ہمارے بچے سرحد پار اپنے خاندانوں سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے۔ یو این آئی کے بموجب سابق عسکریت پسندوں اور ان کے خاندانوں نے جموں و کشمیر ہیومن ویلفیر اسوسی ایشن کے پرچم تلے آج دھرنا دے کر اپنے لئے باز آبادکاری کی باقاعدہ پالیسی کا مطالبہ کیا۔ یہ سابق عسکریت پسند یہاں مشتاق پریس انکلیو پر جمع ہوکر دہلی پولیس کی جانب سے لیاقت علی شاہ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ احتجاج کرنے والوں نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ اسوسی ایشن کے چیرمین نے کہاکہ ہم اپنے سابق عسکریت پسندوں کیلئے باز آبادکاری کی باقاعدہ پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جیسا کہ پنجاب اور شمالی مشرقی ریاستوں میں کیاگیا۔

Ex-Militants, Kin Protest, Demand Rehabilitation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں