ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے 20 سال مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-13

ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے 20 سال مکمل

ممبئی 1993ء سلسلہ وار بہم دھماکوں کے سلسلہ میں سزائے عمر قید کاٹنے والا بشیر عثمان غنی اپنی معشوقہ سے شادی کیلئے 2سال قبل ضمانت پر جیل سے باہر آیا تھا۔ اس کی معشوقہ نے 2دہوں تک اس کا انتظار کیا تھا۔ تاہم 40 سالہ بشیر کو ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد سزا کاٹنے کیلئے ناسک جیل لوٹنا پڑا۔ ٹاڈا عدالت نے بم دھماکوں میں اس کے رول پر اسے سزا سنائی تھی۔ شہر میں کئے گئے بم دھماکوں کی طویل فہرست میں آج ہی کے دن 20 سال قبل کئے گئے دھماکے شہر میں پہلا دہشت گرد حملہ تھا۔ وکیل دفاع کانسے نے کہاکہ بشیر معشوقہ سے شادی کرنے میں خوش قسمت رہا۔ تاہم اسی کیس کے ایک اور مجرم محمد شعیب گانشر کیلئے معاملہ اس کے برعکس ہے ۔ اسے سزائے موت سنائی گئی ہے ۔ شعیب نے سزائے موت سنانے والی ٹاڈا عدالت سے یہ کہتے ہوئے رحم کی درخواست کی ہے کہ وہ اس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہے جس نے اس کیلئے 13 سال انتظار کیا۔ یہ لڑکی اپنے والد سے ملاقات کیلئے سنٹرل جیل آیا کرتی تھی اور شعیب کے ساتھ عشق میں مبتلا ہوئی۔ دونوں کے خاندانوں کو امید ہے کہ جیل سے شعیب کی واپسی کے بعد دونوں شادی کر لیں گے ۔ مگر شعیب کی اپیل سپریم کورٹ میں زیر التواء ہونے کے سبب لڑکی نے دوسرے لڑکے سے شادی کر لی۔ کیس کے متعدد ملزمین کی پیروی کرنے والی وکیل فرحانہ شاہ نے کہاکہ غالباً اس نے محسوس کر لیا کہ مستقبل قریب میں سپریم کورٹ میں شعیب کی اپیل پر فیصلے کا امکان بہت کم ہے اور شاید وہ کبھی جیل سے باہر نہ آئے ۔ وکیل کانسے نے کہاکہ بشیر، سلسلہ وار بم دھماکوں کی سازش میں ملوث ہونے کا قصور وار پایا گیا۔ مفرور ملزم ٹیگر مینن کے ساتھ وہ ماہم میں ماہی گیروں کی کالونی پر بم پھینکنے کیلئے گیا تھا اور خوفزدہ ہو گیا۔ اس نے دیگر کی طرح گرینیڈ نہیں پھینکیں اس لئے سزائے موت سے بچ گیا۔ 12!مارچ 1993ء کو ممبئی میں 13 سلسلہ وار بم دھماکوں میں جملہ 257افراد اور 713 افرادزخمی ہو گئے تھے ۔ ان دھماکوں میں 28کروڑروپئے مالیتی املاک تباہ ہو گئی تھی اور ملک میں دھماکوں کیلئے پہلی بار آرڈی ایکس کا استعمال کیا گیا تھا۔ یہ دھماکے 12مقامات پر کئے گئے تھے جن میں بامبے اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ، نریمن پائنٹ، ایرانڈیا بلڈنگ، سنچری بازار، ہوٹل سی راک، جوہو سنٹر اور دیگر شامل ہیں ۔

Mumbai Serial Bomb Blast 20th Anniversary Sees Masterminds Free

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں