کانگریس حکومت میں مسلمان مجبور - ملائم سنگھ یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-03

کانگریس حکومت میں مسلمان مجبور - ملائم سنگھ یادو

سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے کہا ہے کہ 50 سال سے زائد عرصہ تک مرکز اور ریاست میں حکومت کرنے والی کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کو "مجبور" اور "بے روزگار" کر کے چھوڑا ہے ۔ کانگریس نے سچر کمیٹی اور رنگ ناتھ مشرا کمیشن کی تشکیل کی مگر ان کی سفارشوں کو نافذ نہیں کیاجا رہا ہے ۔ ملائم سنگھ نے یہ باتیں سماج وادی پارٹی اقلیتی سبھا کے ذریعہ منعقدہ جلسہ میں جم غفیر کو خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ مسلمانوں کے مفادات کیلئے ہمیشہ جدوجہد کا عزم کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ڈی جی پی نے انہیں بتایا ہے کہ دہشت گردی کے نام پر جو بے قصور گرفتار ہیں ان میں سے اب تک 400 لوگوں کو حکومت رہا کر چکی ہے ۔ ملائم سنگھ نے کہاکہ جن گرفتار شدگان کے خلاف چارج شیٹ داخل نہیں ہوئی ہے اور ان کے خلاف گواہ نہیں ہیں ایسا کوئی بھی مسلمان جیل میں قید نہیں رہے گا۔ لوک سبھا انتخابات 2014 کی تیاری کے طورپر دیکھے جانیوالے اس جلسہ میں ملائم سنگھ یادونے جہاں ایک طرف کانگریس پارٹی کو جم کر نشانہ بنایا تو دوسری طرف مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی طاقت سے دہلی کی سرکار جب ہٹے گی تب سچر کمیٹی کی رپورٹ نافذ ہوپائے گی۔ ہمارے ساتھ سنگھرش کیلئے تیار رہیں ۔ ان کا اشارہ کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی طرف تھا۔ ملائم نے کہاکہ چاہے مسلمان ہو یا سکھ و عیسائی اور بودھسٹ سماج وادی پارٹی سبھی اقلیتوں کے حق کیلئے لڑتی رہی ہے ۔ سچر کمیٹی کی سفارشات کو سب سے اہم مسئلہ قراردیدتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ملے گا ان کی پسماندگی اور بدحالی ختم نہیں ہو پائے گی۔ آرٹیکل 341 کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمان پسماندہ برادریوں کو ایس سی ریزرویشن کا فائدہ ملنا ضروری ہے ۔ اس کیلئے یوپی اسمبلی سے سفارش منظور کر کے مرکز کو بھیجا جائے گا اور وہاں دباؤ بنایا جائے گا۔ اکھلیش یادو حکومت کے وزیروں سے اپیل کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہاکہ سارے وعدے ڈھائی برس کے اندر پورا کرنا ہے ۔ بی جے پی طنز کرتے ہوئے ملائم نے کہاکہ مسلمانوں کیلئے جب کچھ کیا جاتا ہے تو ایک پارٹی کو بڑا درد ہوتا ہے ۔ ملائم نے نریندر مودی پر بھی طنز کیا اور کہاکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے انہوں نے کہا تھا کہ بابری مسجد، کشمیر اور سول کوڈ اور مسلم دشمنی پر مبنی سیاست بند کر دیجئے تو ہم آپ کے ساتھ آ جائیں گے جس پر واجپئی جی نے کہاکہ اگر ہم نے یہ بات مان لی تو ہمارے پاس بچے گا کیا۔ ملائم سنگھ نے اکھلیش حکومت کے ذریعہ کئے جا رہے فلاحی کاموں کا ذکر تفصیل سے کیا اور کہاکہ ان چیزوں کو گھر گھر تک پہنچائیں ۔ جلسہ گام میں معلم اردو سند یافتگان کی تقرری کا بینر دیکھ کر ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ جس طرح سے ان کی حکومت نے پہلے تقرری کی تھی اسی طرح اردو ٹیچروں کے عہدے پر معلم اردو والوں کی بھرتی کی جائے گی اس میں کوئی شبہ نہیں رکھنا چاہئے ۔ جلسہ کے دوران بارہ بار دیش کا پردھان منتری کیسا ہو، ملائم سنگھ یادو جیسا ہو کے نعرے لگتے رہے ۔

Mulayam Singh targets Congress and BJP in a lucknow rally

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں