ملالہ نے لندن کے اسکول میں تعلیم کا آغاز کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-21

ملالہ نے لندن کے اسکول میں تعلیم کا آغاز کر دیا

طالبان کے حملہ میں زندہ بچ جانے کے بعد عالمی توجہ کا مرکز بن جانے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے برطانیہ کے ایک اسکول میں تعلیم شروع کر دی ہے ۔ برطانیہ میں ہی ملالہ کے سر کے زخم کا علاج بھی ہوا۔ برمنگھم کے ایجسٹس ہائی اسکول میں مابعد سانحہ ملالہ کی نئی زندگی کا پہلا دن تھا جسے اس نے اپنی زندگی کا اہم ترین دن قرار دیا اور کہاکہ میرے خیال میں میری زندگی کا سب اچھا دن اسکول واپسی کا ہے ۔ اس نے کہاکہ میرا خواب ہے کہ تمام بچے اسکول جاسکیں ۔ میں اسکول یونیفارم پہن کر فخر محسوس کر رہی ہوں ۔ نویں جماعت کی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ وہ سیاسیات اور قانون پڑھنے میں دلچسپی رکھی ہے ۔ ایجسٹن ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس ڈاکٹر روتھ ویکس نے کہاکہ ملالہ بھی دیگر عام لڑکوں کی طرح ہونا چاہتی ہے اور دیگر لڑکیوں کی حمایت چاہتی ہیں ۔ ملالہ یوسف زئی کو گذشتہ سال 9 اکتوبر کو مینگورہ میں اس وقت قریب سے گولی کا نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ اسکول جا رہی تھی اس واقعہ کے بعد دنیا بھر میں ملالہ کے ساتھ ہمدری کا اظہار کیا گیا تھا۔ ابتدائی علاج کے دوران پاکستانی ڈاکٹروں نے اس کے سر سے گولی نکالی تھی جس کے بعد اسے علاج کیلئے برطانیہ بھیج دیا گیا تھا جہاں ملالہ کا علاج برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کوئن الزبیتھ ہسپتال میں ہوا تھا۔ پاکستان نے بھی ملالہ یوسف زئی کو ملک کے قومی امن کے اعزاز سے نوازا تھا اور پاکستان کی قومی اسمبلی نے دسمبر 2012ء میں ملالہ یوسف زئی کو دختر پاکستان کا خطاب دینے کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کی۔ دسمبر 2012 ء میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیرس میں پاکستان اور یونیسکو کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے ملالہ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو تمام بچوں کیلئے تعلیم کے حق کیلئے آواز بلند کرنے اور اس مقصد کیلئے حوصلے کی وجہہ سے آئر لینڈ کا 2012ء کا بین الاقوامی ٹپریری ایوارڈ برائے امن دیا گیا۔

Taliban victim, Malala Yousafzai starts school in UK

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں