کاٹجو نے زیب النساء کے لیے بھی معافی کی اپیل کی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-28

کاٹجو نے زیب النساء کے لیے بھی معافی کی اپیل کی

پریس کونسل آف انڈیا کے صدرنشین مارکنڈے کاٹجو نے سنجے دت کے بعد اب 1993ء ممبئی بم دھماکوں کی ایک اور قصور وار زیب النساء قاضی کے لئے معافی کی اپیل کی ہے۔ عدالت عظمی کے سابق جج نے کہاکہ وہ 70 سالہ زیب النساء کو انسانی بنیادوں پر معاف کردینے کیلئے صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی اور گورنر مہاراشٹرا کے شنکر نارائنن کو مکتوب لکھیں گے۔ کاٹجو نے اپنے بلاگ پر لکھا : زیب النساء قاضی بھی معافی کی مستحق ہے۔ میں پہلے سے ان کے کیس پر غور کررہا تھا اور فیصلہ کی فائل کا جائزہ لینے کے بعد اب میری رائے یہ ہے کہ وہ بھی معافی کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا" میں نے صدرجمہوریہ ہند کے ساتھ ساتھ گورنر مہاراشٹرا سے زیب النساء اور سنجے دت کیلئے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے"۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو ممنوعہ اسلحہ اے کے 56 اسالٹ رائفل اور ایک ریوالور غیر قانونی طورپر رکھنے کیلئے سنجے دت کی قصور واری کو برقرار رکھا اور انہیں 5 سال جیل کی سزا سنائی۔ دو دن قبل کاٹجو نے کہاکہ انہیں زیب النساء کی دختر شگفتہ سے ایک ای میل حاصل ہوا ہے جس میں انہوں نے اپنی ماں کیلئے معافی کی اپیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ 40 سالہ شگفتہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ ان کی ماں بے قصور ہے اور انہوں نے صرف اے کے 56 رائفلس، کارتوس اور دستی بم پر مشتمل بیاگ رکھنے سے اتفاق کیا تھا جسے ابوسالم اور منظور احمد سید احمد ان کے پاس لائے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ بیاگ میں کیا ہے اس کا زیب النساء کو علم نہیں تھا۔ انہوں نے یہ سوال کیا تھا "اگر میں یا میری ماں ایک سلیبرٹی ہوتیں تو ہمیں بھی وہ تمام تائید حاصل ہوتی جو سنجے دت کو حاصل ہورہی ہے اگر یہ انسانی بنیادوں پر ہے تو صرف سنجے دت سے ہی ہمدردی کیوں؟ زیب النساء سے کیوں نہیں؟ زیب النساء 1993ء بم دھماکوں کے کیس میں شریک ملزم تھیں او رانہیں 5 سال کی سزاے قید سنائی گئی ہے۔ کاٹجو نے کہا "واحد الزام جس پر انہیں خاطی قرار دیا گیا ہے وہ بعض ممنوعہ اسلحہ اپنے پاس رکھنا ہے۔ اس پر تنازعہ نہیں ںہے کہ ان کے گھر سے کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔ میری قابل احترام رائے میں انہیں کم ازکم شک کا فائدہ دیا جانا چاہئے"۔ انہوں مزید کہاکہ زیب النساء ایک بیوہ خاتون ہیں، جنہیں کئی امراض لاحق ہیں۔ کچھ دن قبل انہوں نے گردے کا آپریشن کروایا اور ہر 60ماہ میںانہیں معائنہ کروانا پڑتا ہے۔ وہ مشکل سے چل پھر سکتی ہیں۔ میں نہیں سمجھ سکتا کہ وہ طویل عرصہ جیل میں زندہ رہیں گیں۔ میریٹس کی بنیاد پر میری رائے ہے کہ وہ معافی کی مستحق ہیں۔ سنجے دت کیلئے معافی کی درخواست کرنے پر کی جانے والی تنقید پر کاٹجو نے کہا "بعض لوگو ں نے کہا ہے کہ بہت سے دوسرے بھی معافی کی اپیل کریں گے، میرا جواب یہ ہے کہ جو کیس بھی میرے علم میں لایا جائے میں اس پر غور کرنے تیار ہوں"۔ انہوںنے کہا "لیکن میں متعلقہ مواد کا محتاط جائزہ لینے کے بعد ہی اگر یہ کیس معافی کا مستحق ہوتو اپیل کروں گا۔ میں مشہور شخصیت یا غیر مشہور شخصیت کے درمیان کوئی امتیاز نہیں کرتا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 125 میں کہا گیا ہے کہ وہ (زیب النسائ) سازش کے اصل الزام کی خاطی نہیں ہیں"۔

Katju Presses for Pardon of Zaibunisa Kazi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں