Karunanidhi now threatens to walk out of UPA
صدر ڈی ایم کے ایم کے کروناندھی نے آج ان کی پارٹی کی جانب سے مرکز میں کانگریس زیر قیادت یوپی اے حکومت کی تائید سے دستبرداری کی دھمکی کا اعادہ کیا اور کہاکہ اگر حکمراں اتحاد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن میں سری لنکا کے خلاف پیش کردہ امریکی قرارداد میں ترمیمات نہیں لاتی ہے تو ان کی پارٹی حکومت کا ساتھ چھوڑدے گی۔ ڈی ایم کے صدر نے وزیراعظم منموہن سنگھ کو آج ایک مکتوب روانہ کیا اور کہاکہ ان کا احساس ہے کہ اس مسئلہ پر حکومت کا ساتھ چھوڑا جاسکتا ہے ۔ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کروناندھی نے کہا "اگر ہمارے مطالبات کی تکمیل نہ کی گئی تو پھر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یوپی اے اتحاد کے ساتھ ہمارا تعلق برقرار رہے گا۔ یقینا اتحاد باقی نہیں رہے گا۔ کروناندھی نے تازہ دھمکی میں گذشتہ روز کی بہ نسبت زیادہ سخت لب و لہجہ اختیار کیا ہے ۔ انہوں نے قبل ازیں دھمکی دی تھی کہ اگر حکومت امریکی قرارداد میں بعض ترمیمات لانے ان کی پارٹی کے مطالبے کو پورا نہ کر سکی تو پارٹی کے وزراء مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیں گے تاہم آج ایک قدم آگے بڑھ کر انہوں نے کہاکہ ڈی ایم کے کا یوپی اے کے ساتھ اتحاد برقرار رہنا بھی مشکل ہے ۔ عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 88سالہ لیڈر نے کہاکہ ہندوستان کی ترمیمات کو امریکہ قبول کرنے یا نہ کرے نئی دہلی کو چاہئے کہ یہ ترمیمات اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ادارہ میں پیش کر دے ۔ کروناندھی نے کہاکہ لنکا کے خلاف امریکی قرارداد یو این ایچ آر سی میں 12مارچ کو 2013 کو پیش کی گئی۔ ہندوستان کے پاس ترمیمات لانے کیلئے پیر18مارچ تک مہلت ہے جبکہ 20مارچ کو اس پر رائے دہی متوقع ہے ۔ اسی دوران ٹاملناڈو میں اس مسئلہ پر طلبہ کا احتجاج جاری ہے ۔ حکومت نے احتجاج کی شدت کو کم کرنے تعلیمی اداروں کو تعطیل دیدی ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں