حکومت انڈین مجاہدین پر قرطاس ابیض جاری کرے - جماعت اسلامی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-03-03

حکومت انڈین مجاہدین پر قرطاس ابیض جاری کرے - جماعت اسلامی

حیدرآباد بم دھماکہ کے فوراً بعد مجرمانہ کار روائی کو نام نہاد دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین (آئی ایم) کے سر منڈھنے کی سرکاری اور تفتیشی ایجنسوں کی کوشش پر مسلم تنظیموں نے دوبارہ سوالات کی بوچھار کر دی ہے ۔ جماعت اسلامی ہند نے آج ایک پریس کانفرنس کر کے حکومت ہند سے سیدھے یہ سوال پوچھا کہ اگر انڈین مجاہدین نام کی کوئی چیز ہیں تو وہ انڈین مجاہدین پر قرطاس ابیض کیوں نہیں جاری کر دیتی۔ جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری اور میڈیا ترجمان اعجاز احمد اسلم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ملکی سلامتی سے وابستہ انتہائی اہم ایشو کی نشاندہی کراتے ہوئے آئی ایم کے وجود کو پوری طرح من گھڑت قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی ایسی تنظیم ہے تو ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اس پر فوراً پابندی لگائے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نام نہاد انڈین مجاہدین نامی دہشت گرد تنظیم پر ایک وائٹ پیپر جاری کر کے بتائے کہ کیا آئی ایم واقعی کوئی تنظیم ہے اور اس کے بنانے والے اور چلانے والے کون ہیں اور یہ کب قائم ہوئی تھی؟ انہوں نے کہاکہ یہ سچائی سب جانتے ہیں کہ آئی ایم کا کوئی وجود نہیں ، اسے گڑھ گیا ہے اور ایک خیالی تنظیم بنا کر مسلمانوں کے سر منڈھ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے آئی ایم کی سرگرمیوں کے تعلق سے خفیہ ایجنسیوں کے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح کسی بھی دہشت گردانہ ورادات کے بعد آئی ایم کا شوشہ چھوڑا جاتا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس تنظیم کا بانی ہماری خفیہ ایجنسوں میں سے ہی کوئی ہے جو اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے نام نہاد آئی ایم کا سہارا لیتے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے معاملہ کو اٹھاتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس بات پر سخت تشویش ہے کہ آزادی کے 66 سال بعد بھی ہندوستان کے مسلمان کے ساتھ امتیازی سلوک جاری ہے ۔ دہشت گردی کا خاتمہ کے نام پر مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ ان پر جھوٹے الزامات لگا کر انتہائی غیر انسانی طریقہ سے ٹارچر کر کے نا کردہ جرائم کا اقرار کرایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو درجنوں جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جاتا ہے تاکہ وہ طویل مدت تک جیل کے باہر نہ آ سکیں ۔ انہوں ین کہاکہ مسلمانوں کو مسلسل ذہنی اذیت میں مبتلا کرنے اور دھمکانے کا عمل غیر جمہوری ہے جس کا فوری خاتمہ ضروری ہے ۔ اس تعلق سے مسٹر اسلم نے مسلم نوجوانوں کی گرفتیاری کے ایک سچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اگست 2012ء میں روزنامہ دکن ہیرالڈ کے صحافی مطیع الرحمن صدیقی کو ایک سنگین الزام میں پھنسایا گیا اور 6ماہ کی قید کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا ہے جبکہ تفتیشی ایجنسی کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔ اسی طرح کا ایک معاملہ ڈپارٹمنٹ آف ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کے سائنٹسٹ اعجازاحمد مرزا کا بھی ہے ، انہیں بھی باعزت طریقے سے رہا کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کیا اس سے ہندوستان کے عوام کو یہ غلط تاثر نہیں جاتا کہ مسلمان قابل اعتماد نہیں ہیں ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرنے والوں میں سکریٹری جماعت اسلامی ہند انجینئر محمد سلیم، محمد احمد وغیرہ موجودتھے ۔

Jamaat Islami demands White paper on indian mujahideen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں