India president visits bangladesh
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج بنگلہ دیش کی قیادت سے کہا ہے کہ ہندوستان دریائے تیستا کے پانی کی تقسیم کی معاملت کو جلد تکمیل پر پہنچانے اور زمینی سرحدی معاہدہ پر عمل آوری کیلئے پابند ہے ۔ انہوں نے گذشتہ سال اعلیٰ ترین دستوری عہدہ پر فائزہونے کے بعد اپنے پہلے بیرونی دورہ کے دوران باہمی تعلقات کو تقویت پہنچانے کا عزم کیا۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ تقریباً نصف گھنٹہ تک دوبدو ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح کی بات چیت کے دوران پرنب مکرجی نے یہ بات کہی۔ قبل ازیں صدر ظل الرحمن نے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مکرجی کا استقبال کیا۔ ایرانڈیا کا خصوصی طیارہ جب صدر کو لے کر بنگلہ دیش کی فضائی حدودمیں داخل ہوا تو ملک کے فضائیہ کے 4جٹس حفاظت کے ئے اسے گھیرے ہوئے تھے ۔ طیارہ سے باہر آتے ہی انہیں 21توپوں کی سلامتی دی گئی۔ مکرجی کو رحمن رن وے کے قریب بنے ایک عارضی اسٹیج پر لے گئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے فوجی دھن پر بجائے گئے ۔ 7ماہ قبل صدر بننے کے بعد مکرجی کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے جو ایسے وقت شروع ہوا جب کہ بنگلہ دیش بھیانک تشدد کی لپیٹ میں ہے جس میں تاحال 65افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔ بنگلہ دیش کی اہم اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیاء نے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے ساتھ اپنی مجوزہ ملاقات اچانک منسوخ کر دی۔ جس کی وجہہ سے صدر کے پہلے بیرونی دورہ میں ناخوشگواری پیدا ہو گئی۔




کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں